کوہاٹ،شکردرہ میں کھلی  کچہری، مسائل کے انبار

  کوہاٹ،شکردرہ میں کھلی  کچہری، مسائل کے انبار

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے دورافتادہ علاقہ شکردرہ میں عوامی مسائل کے دیرپاحل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔تھانہ شکردرہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)منصور امان نے لوگوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی،کھلی کچہری میں، عمائدین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے کھل کر مسائل بیان کرتے ہوئے علاقے کو درپیش مسائل سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری کے دوران ہر مکتب فکر کے افرد نے تھانے کے حدود میں لائبریری کے لیے اراضی کی فراہمی، تھانہ شکردرہ کے لیے نفری بڑھانے،پولیس سٹیشن کی تزئین و ارآئش،جرگہ ہال کے لیے فرنیچر فراہمی،صابر آباد میانوالی روڈ و رحمان آباد کے علاقوں میں پولیس چوکیوں کے قیام، کمیشن خور جرگہ بازوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا،کھلی کچہری کے شرکاء نے شکردرہ بازار میں ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی اور گمشدہ اشیاء،کرایہ داروں کی رجسٹریشن اور روزمرہ کی دیگر چھوٹی موٹی رپورٹیں پال آفس کی بجائے مقامی تھانے میں اندراج کا بھی مطالبہ کیا۔سائلین نے تحریری درخواستیں بھی دیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان نے تحمل سے عوامی شکایات سنیں۔اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور انصاف ہمارا محور ہیں کسی کے ساتھ کسی سطح کی زیادتی نہیں ہوسکتی انصاف کی فور ی فراہمی اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے کوہاٹ میں تعیناتی کے بعد پہلی کھلی کچہری کی ابتداء شکردرہ سے کررہاہوں کیونکہ یہ علاقہ ضلع کوہاٹ کے دورافتادہ علاقہ ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انکے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)منصور امان نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے عوام کی طرف سے سامنے آنے والے درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے شکردرہ بازار میں دو ٹریفک اہلکاروں کی فوری تعیناتی کے احکامات جاری کئے جبکہ مجوزہ پولیس چوکیوں کی غرض سے مناسب جگہ کا تعین کرتے ہوئے اقدامات یقینی بنانے کا اعلان کیا۔اُنہوں نے  پال آفس کے تمام تر معاملات شکردرہ پولیس کے ذ مہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ضلعی پولیس سربراہ نے پولیس نفری کی کمی کو دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی جبکہ دیگر محکموں سے وابستہ عوام کے مسائل کو متعلقہ حکام تک بہم پہنچانے کے بھر پور عزم کا اعادہ کیا۔ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)منصور امان ن نے ڈی آر سی اور پی ایل سی کمیٹیوں کے اغراض و مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی آر سی عوام کے باہمی تنازعات کے حل جبکہ پی ایل سی کمیٹیاں علاقے سے جرائم کی بیخ کنی میں پولیس کیساتھ شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کی غرض سے معرض وجود میں لائی گئی ہیں۔اُنہوں نے شکردرہ میں پبلک لیزان کمیٹی، اور ڈی آر سی کمیٹی کو مزیدفعال بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر افراد، معاشرہ میں اچھا مقام رکھنے والے افراد کو ممبر شپ دی جائیگی تاکہ گھریلوں تنازعات،جائیداد سمیت دیگر چھوٹے چھوٹے مسائل عوام کے جلد ازجلد اور بہترین طریقے سے حل ہوپائے۔کھلی کچہری میں ڈی ایس پی لاچی سرکل فضل واحد، ایس ایچ او تھانہ شکردرہ فرید خان سمیت معززین علاقہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر