حلقہ پی کے 73ریگی میں بجلی چوری کیخلاف خصوصی مہم کا آغاز

حلقہ پی کے 73ریگی میں بجلی چوری کیخلاف خصوصی مہم کا آغاز

  



پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی خصوصی ہدایات پر پشاور کے علاقے PK-73 ریگی میں غیر قانونی کنڈوں کے خاتمے اور میٹروں کی تنصیب کے حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمن نیوزیر خزانہ کی ٹیم کے ممبرفہیم انور یوسفزئی، پیسکو اور پولیس کے عملے کے ہمراہ ریگی پشاور کا تفصیلی دورہ کیا،جہاں انہوں نے اہل علاقہ کو بجلی کے میٹروں کی تنصیب کے سلسلے میں آمادہ کیا اورغیر قانونی کنڈوں کے خاتمے کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی بھی اپیل کی۔اس موقع پر لوگوں سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ کچھ عناصر کا ایسا کرنے سے تمام لوگوں کو تکلیف کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے علاقے کے لوگوں سے بجلی چوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ذمہ دار شہری آپ سب کا فرض ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور ان کی حوصلہ شکنی کے لئے انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔سارہ رحمن نے کہا کہ پشاور شہر سے کنڈا کلچر کے خاتمے سے لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج سمیت بجلی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی خصوصی ہدایات پر میٹروں کی تنصیب کے حوالے سے عوامی آگہی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب کے ساتھ گزشتہ دنوں ملاقات کرتے ہوئے انہیں پشاور سمیت صوبے میں عوام کو بجلی سے درپیش مسائل کے حل کے سے آگاہ کیا تھا اور انہیں پشاور دورے کی دعوت بھی دی تھی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر