پاکستان میں قید20 بھارتی ماہی گیروں کو آج رہا کیا جائیگا

  پاکستان میں قید20 بھارتی ماہی گیروں کو آج رہا کیا جائیگا

  



کراچی (این این آئی)پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے20 بھارتی ماہی گیروں کو آج لانڈھی جیل سے رہا کیا جائے گا۔مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کے دوران میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے بھارتی ماہی گیروں کو پیرکے روز لاہور میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو اتوار کی سہ پہر 3 بجے رہا کیا جائے گا جس کے بعد انہیں جیل پولیس کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا جا ئے گا اور کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچایا جائے گا۔کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن سے ان بھارتی ماہی گیروں کی پاکستان بزنس ایکسپریس ٹرین کے ذریعے لاہور روانگی کے لیے بکنگ کی جاچکی ہے، جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی ان ماہی گیروں کو کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر رخصت کریں گے۔ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بتایاکہ ماضی کی طرح اس بار بھی بھارتی ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے اخراجات ان کی فاؤنڈیشن برداشت کر رہی ہے۔ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپرنٹنڈنٹ اورنگ زیب خان نے بتایا کہ لانڈھی جیل میں اس وقت تک 237 بھارتی ماہی گیر قید ہیں۔حکومت پاکستان کی جانب سے جن 20 ماہی گیروں کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ ایک سال سے زائد عرصے سے ملیر جیل میں قید تھے۔

بھارتی ماہی گیر

مزید : صفحہ اول