مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں کا قتل عام مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے:وزیر اعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں کا قتل عام مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے:وزیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفر آباد (این این آئی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جس طرح معصوم بچوں اور نونہالوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے یہ مہذب دنیا کے چہرے پر نریندرمودی اور آر ایس ایس کی جانب سے ایک طمانچہ ہے۔ دنیا میں آج مسلمان یہود، نصارااور ہنود کی سازشوں کا شکار ہیں لیکن بدقسمتی سے جن مسلمان ممالک کے پاس اختیار ہے وہ کٹھ پتلی کا کر دار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ہندوستان کے مظالم اور جارحیت کا شکار جموں وکشمیر اور آزاد کشمیر کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس حوالہ سے مانک پیاں مہاجر کیمپ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر ٹیوٹا، بہبود آبادی  و آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، معاون خصوصی راجہ امداد علی طارق، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار، سیکرٹری جنگلات ظہور الحسن گیلانی، چیئرمین ایم ڈی ملک ایاز، عزیر احمد غزالی،مشتاق السلام، اقبال اعوان، لیاقت اعوان،بلال فاروقی، چوہدری شاہ ولی، چوہدری اسماعیل، چوہدری مشتاق اور مہاجرین جموں وکشمیر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور آزاد کشمیر کے لوگ جو اس منحوس خونی لکیر کے دونوں پار آباد ہیں اس وقت حکومت پاکستان اور عالم اسلام کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ یہ لوگ ہماری ذمہ داری ہیں اور میں وزیر اعظم پاکستان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کو بھی یہی کہوں گاکہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یکجہتی کا مظاہرہ کریں کیوں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ جس پرچم میں اپنے شہیدوں کو لحدمیں اتارتے ہیں وہ ہم سے سوال کریں کے ہم نے ان کے لیے کیا کیا۔ اقتدار آنی جانی چیز ہے وہ لوگ، جو مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنی سیاست جمکاتے رہے ہیں آج کہا ں ہیں جب کہ ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور بزرگ بھارتی افواج کی درندگی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مہاجرین سے کہا کہ آپ نے ہجرت کر کے نبی ؐکی سنت اختیار کی ہے اور آپ ہی وہ لوگ ہیں جو اس خونی لکیر کو توڑ کر پار جائیں گے۔ آزاد حکومت کے پاس جو کچھ ہے اس پر سب سے زیادہ حق آپ لوگوں کا ہے۔ آپ نے یہاں رہنا ہے لیکن آپ کی منزل مقبوضہ جموں وکشمیر ہے اس امر کا یقین دلاتا ہوں کہ میں موذن کا کر دار ادا کروں گا اگلے ماہ آزاد کشمیر کے ہر کونے میں جا کر یہاں کے لوگوں کو کھڑا کرنا ہے کہ لائن آ ف کنٹرو ل پر جائیں گے اور اس کے لیے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ بھارت اس وقت سول آبادی کو نشانہ بنا کر انہیں اپنے موقف اور جستجو آزادی سے پیچھے ہٹانا چاہتا ہے لیکن ہمیں اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹنا جب تک ہندوستان کی فوج کا آخری سپاہی لکھن پور سے نہیں نکل جاتا ۔ آزاد کشمیر کے لوگ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی پشت بانی کریں گے اور آر ایس ایس کے ان غنڈوں کو ختم کریں گے جنہیں وردی پہنا کر ہندوستان نے ظلم وستم کے لیے بھیجا ہے۔ آپ سب ہندوستان کے ٹکڑی ٹکڑے کرنے کے لیے خود کو تیار کریں۔ جہاں تک جانا پڑا جائیں گے۔ انہوں نے کہ اگر دشمن کا خنجر ہماری شہ رگ کے قریب ہے تو ہم نے بھی اپنا خنجر اس کی شہ رگ کے قریب کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مقبوضہ کشمیر کے شہیدا کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انسانی ہاتھوں کے زنجیر بنائی اور مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے بچوں کے نام کا پودا بھی لگایا۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان حریت کے رہنما عزیر احمد غزالی نے کہا کہ 4جنوری کے دن کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے بچوں اور سیز فائر لائن پر شہید ہونے والے بچوں کے نام کیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی عوام گزشتہ 154دنوں سے نو لاکھ بھارتی فوج کے ظلم کا شکار ہے جسے مودی نے کشمیر یوں کی نسل کشی کرنے کے تمام اختیارات دیے ہوئے ہیں۔ بھارتی افواج ہمارے کشمیر ی بھائیوں کے شدید اذیت دے رہی ہے۔ ہمارے گھروں میں داخل ہو کر ہماری ماؤں بہنوں،بیٹیوں اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور جب چاہیں جسے گولی ماریں، تشدد کا نشانہ بنائیں، گرفتار کریں یا پیلٹ گن سے انہیں اندھا کر دیں  کیونکہ ان کا دستور انہیں اس بات کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس نسل کشی کی پرزور انداز میں مذمت کرتے ہیں اور یو این کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستانی جارحیت کو روکے جس نے مقبوضہ کشمیر کی مائیت و معیشت برباد کر دی اور وہاں کے تعلیمی سٹرکچر کا تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزاد ی کشمیر کے لیے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں اور ہم چالیس ہزار مہاجرین کشمیر آپ کے ساتھ ہیں۔  تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں  ہندوستان کے مظالم اور جارحیت کا شکار جموں وکشمیر اور آزاد کشمیر کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ریلی بھی نکالی گئی۔ 
وزیراعظم آزاد کشمیر

مزید :

صفحہ اول -