قاسم سلیمانی نے دوعشروں تک فلسطینی مزاحمت کی سرپرستی کی، ترجمان سراپا القدس

قاسم سلیمانی نے دوعشروں تک فلسطینی مزاحمت کی سرپرستی کی، ترجمان سراپا القدس

  



غزہ (صباح نیوز)اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے کہا ہے کہ بزدل امریکی اور صیہونی جنرل قاسم سلیمانی سے خائف تھے، بریگیڈ قاسم سلیمانی نے دو عشروں تک فلسطینی مزاحمت کی سرپرستی کی۔اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس نے امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور ان کی ساتھیوں کی بغداد میں شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سرایا القدس کے ترجمان ابو حمزہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم بالخصوص فلسطینی مزاحمتی قوتیں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتیں۔ یہ جنرل سلیمانی تھے جنہوں نے مسلسل دو عشرے تک فلسطینی مزاحمت کی سرپرستی کی۔

ایران کی براہ راست مدد کی اور فلسطینی مجاھدین کو عسکری اور فوجی مہارتیں بہم پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مجاہد رہنما کو ہم سے چھین لیا گیا۔ وہ امریکیوں اور صہیونیوں کے دلوں پر رعب طاری کرنے والے تھے اور ان کی وجہ سے بزدل صہیونی اور امریکی سخت خائف تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملے میں جنرل سلیمانی کی شہادت سے فلسطینی مزاحمت کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ ہم صہیونی۔ امریکی گٹھ جوڑ کے خلاف مسلح مزاحمت جاری رکھیں گے۔خیال رہے کہ امریکا نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو آج جمعہ کو علی الصباح عراق میں بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بمباری کرکیکئی دوسرے کمانڈروں سمیت شہید کردیا تھا

مزید : صفحہ اول