امریکا ایران کشیدگی، اقوام متحدہ کا موقف بھی آگیا، خبردار کردیا
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا ایران کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اس ضمن میں یورپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جہاں امریکی کارروائی کو خطے کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا وہیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ، یورپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی اقدام کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جس سے خطے میں جارحیت میں اضافے ہوسکتا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے فریقین سے برداشت اور پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
یورپی یونین کے صدر نے عراق میں پچھلے کچھ ہفتوں سے جاری اشتعال انگیزی اور انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ہر صورت کم ہونی چاہیے۔ جرمن وزارت خارجہ نے ٹویٹ کی کہ وزیر خارجہ صورتحال پر برطانیہ اور فرانس سے رابطے میں ہیں اور معاملات سلجھانے کیلیے کام کر رہے ہیں۔
اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل سے خطے میں جاری تناؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، روس اور چین نے بھی امریکی اقدام پر شدید نکتہ چینی کی ہے جب کہ شام، لبنان اور عراق بھی امریکا کو ہدف تنقید بناچکے ہیں۔