’پاکستان امریکہ ایران تنازعے میں غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، ہم دراصل اپنی اہمیت جتا رہے ہیں تاکہ ۔۔۔‘ عمران خان نے بڑا دعویٰ کردیا

’پاکستان امریکہ ایران تنازعے میں غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، ہم دراصل اپنی ...
’پاکستان امریکہ ایران تنازعے میں غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، ہم دراصل اپنی اہمیت جتا رہے ہیں تاکہ ۔۔۔‘ عمران خان نے بڑا دعویٰ کردیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صحافی و اینکر پرسن عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران تنازعے میں پاکستان غیر جانبدار نہیں رہ سکتا ، ہمیں کوئی نہ کوئی سائیڈ لینی ہوگی ، پاکستان اس وقت غیر جانبدار رہنے کا کہہ کر اپنی اہمیت جتا رہا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایسا ہو نہیں سکتا، پاکستان کو کوئی نہ کوئی سائیڈ لینی ہوگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان اس لیے آیا ہے کہ پاکستان دنیا کو اپنی اہمیت بتانا چاہتا ہے، بالخصوص ان ملکوں کو جن کے مابین یہ تنازعہ چل رہا ہے، ان کو پہلے یہ بتانا ہوگا کہ ہماری اہمیت کیا ہے اور ہم اس کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں، تاکہ ہمیں اس میں ایک فریق کے طور پر دیکھا جائے اور ہمارے ساتھ بات چیت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر حملے کے وقت پاکستان امریکہ کے ساتھ کھڑا ہوا، روس کے ساتھ لڑائی میں پاکستان امریکہ کے ساتھ کھڑا ہوا، ہر سمجھدار ملک کسی نہ کسی کی سائڈ ضرور لیتا ہے۔ پاکستان کی غیر جانبدار رہنے کی سٹریٹجی دیرپا نہیں ہوگی، اس کے بعد مذاکرات ہوں گے اور دونوں طرف سے آفرز آئیں گی ، پاکستان کی اس خطے میں تزویراتی اہمیت بہت زیادہ ہے، ’غیر جانبدار‘ والی ابتدائی پالیسی بنائی گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری جو حالت ہے ہم تو ان دونوں ملکوں کے درمیان صلح کا کام بھی نہیں کرسکتے، ساری دنیا جانتی ہے کہ امریکہ کی طاقت کا کیا عالم ہے ، ایران کے مقابلے میں پاکستان اس وقت کہاں کھڑا ہوا ہے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ایران نے کب کب پاکستان کا ساتھ دیا اور کب کب نہیں دیا۔

خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک انٹرویو کے دوران امریکہ ایران جنگ میں پاکستان کی پوزیشن کے سوال پر کہا تھا کہ ایسی بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان امریکہ کا ساتھ دے گا۔ جب میں سوشل میڈیا دیکھتاہوں تو بد قسمتی سے اس میں کچھ جانے مانے لوگ بھی بات کر رہے ہیں ،ہم عوام اور میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ صرف باوثوق ذرائع کی بات پر توجہ دیں ،اس پر پراپیگنڈہ جو کہ ملک دشمن افواہیں ہیں اس پر توجہ نہ دیں ، ان افواہوں کو پھیلانے میں بھارت لیڈ کر رہاہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...