عوام نےاپوزیشن کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیا  ،  وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی حکومت ختم ہوگی:سردار تنویر الیاس 

 عوام نےاپوزیشن کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیا  ،  وزیر اعظم عمران خان ...
 عوام نےاپوزیشن کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیا  ،  وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی حکومت ختم ہوگی:سردار تنویر الیاس 

  

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اپوزیشن کی جلسوں کی سیاست کو لاہور سمیت پاکستان بھر کے لوگوں نے مستر دکر دیا ہے، آج عوام انتشار اور فساد کی سیاست کر نیوالوں کیساتھ نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور انکی پالیسوں کیساتھ کھڑی ہے،بہاولپور ریلی میں مدرسوں کے معصوم بچوں کو زبردستی لایاگیا،عوام نے پی ڈی ایم اور اُن کے حواریوں کے جلسے، جلوسوں میں شرکت نہ کر کے انہیں آئینہ دکھا دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ  پی ڈی ایم سمیت تمام حکومت مخالف جماعتیں یہ بات بھول جائیں کہ وزیراعظم ان کی کسی دھونس اور دھمکی میں آتے ہوئے مستعفی ہو جائیں گے،عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت 5 سال پورے کرے گی، کئی جنوریاں آئیں  گی اور کئی گذر جائیں گی،عوام اب ان لٹیروں کے کسی سبز باغ کا شکار  نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے خلاف عوام کو اکسانے والی اور  احتجاج کے ذریعے وزیراعظم کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کرنے والی 11 پارٹیوں کیخلاف کرپشن کیسز ہیں، یہ 11 جماعتیں صرف اس لئے اکٹھی ہوئی ہیں کیونکہ ان کے خلاف کرپشن کیسزاب منطقی انجام تک پہنچنے والے ہیں،مولانا  فضل الرحمان بھی اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کی خاطر چور ٹولے کے سربراہ بنے ہوئے ہیں،اپوزیشن جماعتیں یہ جان چکی ہیں کہ اگر عمران خان وزیراعظم رہے تو ان کی سیاست کا مستقل خاتمہ ہو جائے گا،اس لئے ان کی کوشش ہے کہ ہر قیمت پر حکومت کو گرایا جائے،لانگ مارچ کی دھمکیاں،شہر،شہر جلسے اور ریلیاں بھی کرپشن بچاو تحریک کا حصہ ہے، پی ڈی ایم کہتی ہے ووٹ کو عزت دو لیکن ووٹر کو کورونا سے مرنے دو، کورونا وائرس کی پہلی لہر میں اللہ نے رحم کیا پاکستان محفوظ رہاہے انشاء اللہ رواں سال ہم پاکستان کو کورونا سے مکمل نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں گے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان حقیقی معنوں میں مضبوط اور خوشحال ہوگا۔

 انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی حکومت ختم ہوگی ،لانگ مارچ اور استعفوں کی دھمکیوں سے اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے پانچ سالہ آئینی مدت پوری کر نا ہمار ا آئینی اور جمہوری حق ہے، اپوزیشن کی جلسوں کی سیاست کو لاہور سمیت پاکستان بھر کے لوگوں نے مستر دکر دیا ہے، آج عوام انتشار اور فساد کی سیاست کر نیوالوں کیساتھ نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور انکی پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں،ہم نے پاکستان کو بدتر ین معاشی مسائل سے نکالتے ہوئے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اورآج پنجاب سمیت پورے ملک میں عام آدمی کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے حکومت تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔سردار تنویر الیاس خان  نے بانی سعودی عرب شاہ عبدالعزیزکے نواسے شہزادہ خالد بن فیصل کے ا نتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں سعودی عرب کے شاہی خاندان  سے دلی ہمدردی و تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -