ایس او پیز کی خلاف ورزی پر میرج ہال سیل، تجاوزات مافیا کا سامان ضبط
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کے افسران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے رات گئے تک فیلڈ میں موجود رہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار منصور قاضی نے کاروائیاں کیں۔ میرج ہالز کی چیکنگ کے دوران 5 میرج ہالز چیک کئے گئے جن میں سے 2 میرج ہالز کو کورونا ایس او کی خلاف ورزی پر سیل کر کے 50 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ لاہور گرینڈ مارکی کینال روڈ، میاں حامد پیلس ہر بنس پورہ موڑ، مہر پیلس فتح گڑھ میاں کینال روڈ، پیراڈائز میرج ہال نزد ہربنس پورہ انٹر چینج اور ایشیا پیلس میاں کینال روڈ کو چیک کیا گیا۔ پیرا ڈائز میرج ہال نزد ہربنس پورہ انٹر چینج اور ایشیا پیلس میاں کینال روڈ کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے ٹیموں کے ہمراہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے حوالے سے کارروائی کی اور گورمے بیکری کو سیل کر دیا۔ رستم پارک میں کارروائی کی گئی۔ دریں ائناء اسسٹنٹ کمشنر شالیمار قاضی منصور کی نگرانی میں انسدادِ تجاوزات کیخلاف اکبر روڈ شالیمار زون، مین بازار گڑھی شاہو میں آپریشن کیا گیا اور وہاں پر غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کو ختم کو کروا کر سینکڑوں کی تعداد میں ریڑھیوں، پھٹوں اور دیگر 3ٹرک سامان قبضے میں لیا گیا۔ضلعی افسران نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں اور ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔