جنرل ہسپتال، پھیپھڑوں کی سکریننگ، علاج کیلئے 2 جدید مشینیں عطیہ

جنرل ہسپتال، پھیپھڑوں کی سکریننگ، علاج کیلئے 2 جدید مشینیں عطیہ

  

لاہور(جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال انتظامیہ کی اعلی کارکردگی، مریض دوست پالیسی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے نتیجے میں یہ ہسپتال مخیر حضرات کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد وحید کی ذاتی دلچسپی کی بدولت پھیپھڑوں کی سکریننگ، علاج معالجے اور ٹیسٹوں کیلئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دو مشینیں (ویڈیو پلور و سکوپ، ویڈیو برونکو سکوپ)عطیہ کی گئیں ہیں۔ صاحب ثروت شخصیات کی جانب سے دی جانے والی ان مشینوں کو شعبہ امراض سینہ و سلیپ میڈیسن میں نصب کر دیا گیاہے جہاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ پلمونالوجی میں جدید مشینوں کی تنصیب کسی انقلاب سے کم نہیں مذکورہ مشینوں کے ذریعہ پھیپھڑوں کے امراض کی کیمرہ سے تشخیص کی جائے گی۔ اس موقع پر پروفیسر محمد معین، پروفیسر خالد وحید و دیگر ڈاکٹرزسمیت ینگ ڈاکٹرز اور نرسز بھی موجود تھیں۔

جبکہ بعض مریضوں اور اُن کے تیمارداروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کو ایک کروڑ روپے کی مشینری و طبی آلات عطیہ کرنے والے انسانیت کی عظیم خدمت کر رہے ہیں۔اس موقع پر شعبہ پلمونالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر خالد وحید نے بتایا کہ ایل جی ایچ میں پہلی دفعہ پھیپھڑوں کی جھلی کا بذریعہ ویڈیوکیمرہ معائنہ ہو سکے گا،ان بیماریوں کی تشخیص کیلئے نجی شعبے میں ٹیسٹ بہت مہنگے ہیں تاہم جنرل ہسپتال میں ضرورت مند وں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی جو پھیپھڑوں کی بہت سی بیماریوں کی تشخیص اور غریب مریضوں کے علاج میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -