اپوزیشن کو معلوم ہی نہیں فارن فنڈنگ کیا، الزامات بے بنیاد، پی ٹی آئی کو غیر ملکی اداروں سے پروہیبٹڈ فنڈنگ ہوئی: شبلی فراز

    اپوزیشن کو معلوم ہی نہیں فارن فنڈنگ کیا، الزامات بے بنیاد، پی ٹی آئی کو ...

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کو پروہیبٹڈ فنڈنگ ہوئی جس میں کسی ملٹی نیشنل یا کسی غیر ملکی ایجنسی اور غیر ملکی لوگوں سے پیسے وصول ہوتے ہیں،حلال اور حرام کی روزی میں فرق ختم ہوگیا ہے، اس کلچر کی روح رواں ماضی کی حکومتیں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)تھیں جنہوں نے کلیدی کردار ادا کیا،اس میں مولانا فضل الرحمن بھی ملوث رہے، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو صادق و امین قرا ر دیا، فارن فنڈنگ کی تعریف بھی طے ہوئی،پی ٹی آئی نے اپنے تمام سرٹیفائیڈ اکاوئنٹس جمع کرادئیے۔ پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پارلیمانی سیکر ٹر ی فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں سیاست اور پیسے کا کلچر بن گیا ہے اوریہ ان حکومتوں کی مہربانی ہے جنہوں نے ملک کے اخلاقی ڈھانچے کو تہس نہس کردیا، زندگی کے ہر شعبے میں کرپشن کلچر کو فروغ دیا اور اتنا عام کردیا اداروں اور سیاست میں قائم روایات و معیار تبدیل ہو گیا، آج ہم اس نہج پر ہیں کہ کرپشن کو کوئی کرپشن نہیں سمجھتا۔ سیاست کو کاروبار کا ذریعہ بنادیاگیا،انہوں نے کہا سیاست میں سیاسی جماعتوں کو چلانے کیلئے فنڈنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور پی ٹی آئی کے آنے سے پہلے پی پی پی، نون لیگ اور دیگر جماعتیں جس میں جے یو آئی (ف) بھی شامل ہے کا طریقہ کار مختلف ذرائع سے بڑے عطیات لینا تھا،یہ بڑ ے بڑ ے گروپس کچھ کریمنل، مافیاز کے سربراہ، قبضہ مافیا اور ہر قسم کے کاروبار میں شامل لوگوں سے عطیات لیتے تھے اور ان اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کیلئے بھی استعمال کر تے تھے۔انہوں نے کہا فارن فنڈنگ وہ ہوتی ہے جب آپ کی کوئی سیاسی جماعت کسی بھی حکومت، بڑے ادارے یا کسی حکومت کی ایما سے کوئی فنڈ حاصل کریں تو وہ فارن فنڈنگ ہے، ان کو سمجھ نہیں کہ فارنگ فنڈنگ کیا اور پروہیبٹڈ فنڈنگ کیا ہے۔ عدالت میں پی ٹی آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کے کیس منظور نہیں ہوئے لیکن ساتھ ہی میں الیکشن کمیشن پاکستان کواس کی اسکروٹنی کی ہدایت کی گئی تو پی ٹی آئی نے تمام اکاؤنٹس دئیے جبکہ اس سے پہلے پارٹیاں بڑے بڑے مگر مچھوں سے پیسے لے کر پار ٹی چلاتی رہیں حکومت میں آتے تو اس کا فائدہ دیتے اور اسی سے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچانے کا سلسلہ پیدا ہوا۔ شبلی فراز نے کہا ہم نے بڑے مافیاز سے مقابلہ کیلئے پارٹی میں چندہ کا سلسلہ شروع کیا جس کے تحت ہمارے کارکن، خیر خواہ چھوٹی چھوٹی رقوم دیتے تھے۔ پارٹی کے اندر 10، 20 ڈالر، ہزار، 10 ہزار اور 50 ہزار روپے جمع کیے لیکن اس کا مقصد چندہ دینے والوں کو نفع پہنچانا نہیں تھا۔ پی ٹی آئی نے اپنے تمام سرٹیفائیڈ اکاوئنٹس جمع کرادیے اور ساتھ ہی ہمارے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے بھی ایک مقدمہ درج کیا۔

شبلی فراز 

مزید :

صفحہ اول -