سندھ حکومت نے خزانے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، خرم شیر

     سندھ حکومت نے خزانے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، خرم شیر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ کے محکمہ خزانہ میں کھربوں روپے کی کرپشن پیپلز پارٹی کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سائیں کے گھرانے نے مراد علی شاہ کی مدد سے سندھ کا خزانہ لوٹ لیا ہے۔ 2012سے2017کے دوران محکمہ خزانہ میں سرکاری نوکریوں اور پنشن کی مد میں ڈھائی کھرب روپے سے زیادہ کی کرپشن کر کے دادو اور جوہی سے تعلق رکھنے والے لوگوں خصوصاً دواچ خاندان کے اکاونٹس میں رقم ٹرانسفر کی گئی۔ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زما ن کا مزید کہنا تھا کہ جب کبھی نیب پیپلز پارٹی کے لوگوں سے کرپشن کا حساب مانگتی ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خزانہ میں ہونے والی کرپشن کوئی نئی بات نہیں، پیپلز پارٹی کا ماضی کرپشن سے بھرا پڑا ہے۔ کبھی شربت والے کے اکاونٹ سے اربوں روپے نکلتے ہیں تو کبھی دودھ والے کے۔ مسٹر ٹین پرسنٹ کے نام سے مشہور پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کرپشن کے بے تاج بادشاہ جانے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جنگ کرپشن اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہے۔ عمران خان کے دور حکومت میں کرپشن کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔کرپٹ سیاستدان ہوں یا سرکاری افسران، کوئی احتساب کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا۔ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اپوزیشن کا احتجاج بھی اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہے۔پا پا ڈیڈی، مولانابچاو مہم اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے۔خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے صوبے کے خزانے کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے۔ سندھ کے محکمہ خزانہ میں ہونے والی بڑی کرپشن پر نیب ایکشن لے۔سندھ کے عوام کے پیسے پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کڑی سزا دی جانی چاہئے۔

مزید :

صفحہ آخر -