وزارت آئی ٹی کے تحت سندھ کیلئے تین ارب روپے کے منصوبے

وزارت آئی ٹی کے تحت سندھ کیلئے تین ارب روپے کے منصوبے

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ اور پی ٹی سی ایل کے مابین سندھ کے مختلف اضلاع میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے دو الگ  الگ معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے، دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی جس کی تکمیل پر سکھر، خیرپور، کشمور اضلاع کے مختلف علاقوں کی 140 یونین کونسلوں کے 47 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آسکیں گی۔ معاہدے کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد  ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہم شخصیات تقریب میں شریک تھیں۔معاہدوں پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے سی ای او حارث محمود چوہدری اور  پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای اواورگروپ چیف فنانشل آفیسر ندیم خان نے کیئے۔منصوبوں کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ان کی تکمیل سے ان اضلاع میں 5  مربع کلومیٹر کی حدود میں آنے والے  372 تعلیمی ادارے، 170 صحت کے مراکز، 217 سرکاری دفاتر اور 131 بینکوں کو  تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک کیا جاسکے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند اور پرمسرت موقع ہے کہ میں اپنے سندھ کے اضلاع ''کشمور، سکھر اور خیر پور کے لاکھوں افراد کیلئے آپٹک فائبر کیبل کے منصوبوں پر معاہدے کی اس پروقار تقریب کا گواہ ہوں۔ کیونکہ یہ میرے صوبے کے لوگوں کیلئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارے ملک کے میں ٹیکنالوجی کے نام پر مذاق  اور اقتصادی حالات کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا تھا جس نے ترقی کے عمل کو متاثر ہی نہی بلکہ اسے ہم سے بہت دور کیئے رکھالیکن خمیازہ کروڑوں لوگوں کو بھگتنا پڑا۔

مزید :

صفحہ آخر -