حکومت لٹیروں کو کسی صورت این آر او نہیں دیگی‘مخدوم زین قریشی

          حکومت لٹیروں کو کسی صورت این آر او نہیں دیگی‘مخدوم زین قریشی

  

ملتان(نیوز رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں افراتفری و انتشار پھیلا کر این آر او لینا چاہتی ہیں لیکن حکومت لٹیروں کو کسی صورت این آر او نہیں دیگی۔ سابقہ ادوار میں پی پی ن لیگ دونوں باریوں کی سیاست کرتے تھے اور فرینڈلی اپوزیشن کا کھیل کھیلا کرتے تھے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی(بقیہ نمبر3صفحہ5پر)

 کرپشن اور مفادات کو تحفظ دیا کرتیں تھیں لیکن تحریک انصاف نے باریوں اور مفادات کی سیاست کو مسترد کیا عوام نے 2018کے انتخابات میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا اور بھر پور مینڈیٹ دیا۔عوام نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن اور باریوں کی سیاست کی بدولت بری طرح مسترد کیا۔یہی وجہ ہے کہ باہر بیٹھے سیاست دانوں سے ملکی ترقی اور پالیسیاں ہضم نہیں ہو رہیں۔ باہر بیٹھے سیاست دانوں کو حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے کا انتظار کرنا ہوگا۔ جلسے  جلوسوں  لانگ مارچ سے حکومت کبھی ختم نہیں ہوگی۔ کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت کو بھر پور عوامی مینڈیٹ حاصل ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں  جلال آبا د کوٹھے والا  کوٹ گجراں  بستی اعظم ہانس میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وفود سے ملاقات و تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا الیکشن کے دوران عوا م سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ماضی میں این اے 157 کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا اب ایسا نہیں ہوگا۔ این اے 157 میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جار ی ہے جن کی تکمیل سے علاقہ کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم خالی نعروں اور جھوٹے وعدوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بدولت 2023کے انتخابات میں بھی کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا اپوزیشن دراصل ملکی ترقی کی دشمن ہے اور اس سے عمران خان حکومت کی پالیسیاں اور ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ لیکن اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود ملکی ترقی کا سفر زور و شور سے جاری ہے۔ اور انشااللہ ترقی کاپہیہ اب چل پڑاہے جو نہیں روکے گا۔ اس موقع پر سابق ناظم چودھری شعیب سنگھیڑا  چودھری شکیل  چودھری عبدالسفیان چودھری منیر گجر  چودھری شعبان  اظہر خان ودیگر شخصیات موجود تھے۔

زین قریشی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -