لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )راولپنڈی کی مشہور ترین شخصیت امتیاز علی کھوکھر عرف ” تاجی کھوکھر “ طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق تاجی کھوکھر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھرکے چچا اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر کے چھوٹے بھائی تھے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تاجی کھوکھر طاقتور شخصیت سمجھے جاتے تھے تاہم انہیں 4 اکتوبر 2018 سے انسداد دہشتگردی کے چوتھے شیڈول پر رکھا گیا تھا ۔انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مطابق چوتھے شیڈول پر رکھے گئے افراد متعلقہ پولیس کو اطلاع دیے بغیر اپنے اپنے ضلع کو نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں پولیس کو ضمانتی مچلکے جمع کروانے پڑتے ہیں۔
اس کے علاوہ چوتھے شیڈول پر رکھے گئے کسی فرد کے پاس اسلحہ لائسنس نہیں ہونا چاہیے، اگر اسلحہ لائسنس پہلے سے جاری کیا گیا تھا تو اسے منسوخ سمجھا جائے گا اور اسلحہ قریبی پولیس اسٹیشن میں جمع کرایا جائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو اسلحہ ضبط کیا جائے گا اور اس طرح کا اسلحہ رکھنے والوں کو سزا مل سکتی ہے۔قانون کے مطابق ایسے افراد کو پاسپورٹ بھی جاری نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس نے دہشت گردی کی نگرانی کی فہرست میں شامل 25 افراد کی فہرست میں تاجی کھوکھر اور اس کے بیٹے کے نام شامل رکھے ہوئے ہیں۔