تیسرے روز کا کھیل ختم، قومی ٹیم کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 8 رنز، 354 رنز کا خسارہ باقی

تیسرے روز کا کھیل ختم، قومی ٹیم کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 8 رنز، 354 رنز کا ...
تیسرے روز کا کھیل ختم، قومی ٹیم کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 8 رنز، 354 رنز کا خسارہ باقی
سورس: Twitter

  

کرائسٹ چرچ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے اور قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر آٹھ رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے مزید 354 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 659 رنز بنا کر پاکستان کیخلاف 362 رنز کی برتری حاصل کر کے اننگز ڈکلیئر کر دی۔ کپتان کین ولیم سن نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 238 رنز بنائے جبکہ ہینری نکولس نے 157 اور ڈیریل مچل نے 102 رنز کی اننگز کھیل کر میچ پر کیویز کی گرفت مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

پاکستان کی جانب سے تمام باﺅلرز ہی خاطرخواہ کیویز کے رنز کا سیلاب روکنے میں ناکام رہے اور اس کے علاوہ خاصے ایکسٹرا رنز بھی دئیے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور فہیم اشرف نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ اننگز کی طرح اس مرتبہ بھی شان مسعود کوئی سکور بنائے بغیر ہی اس وقت پویلین لوٹ گئے جب قومی ٹیم کا مجموعی سکور صرف 3 تھا۔ تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے میں کچھ ہی وقت باقی ہونے کے باعث محمد عباس کو ’نائٹ واچ مین‘ کے طور پر میدان میں بھیجا گیا جنہوں نے 1 سکور بنایا اور کریز پر موجود ہیں جبکہ دوسرے اینڈ پر عابد علی 7 رنز کیساتھ موجود ہیں جو چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ 

قبل ازیں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں اظہر علی کے 93، محمد رضوان کے 61 اور فہیم اشرف کے 48 رنز کی بدولت 297 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 659 رنز بنائے اور یوں پاکستان کیخلاف 362 رنز کی برتری حاصل کی۔ 

مزید :

کھیل -