کورکمانڈرز کانفرنس، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا، آرمی چیف

کورکمانڈرز کانفرنس، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اداروں کو کردار ادا کرنا ...
کورکمانڈرز کانفرنس، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا، آرمی چیف
سورس: ISPR

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی اور ملکی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سرحدوں کی صورتحال، داخلی سکیورٹی اور پیشہ ورانہ دلچسپیوں کے امور بھی کور کمانڈرز کانفرنس میں زیر غور آئے۔

 کانفرنس میں یوم حق خود ارادیت پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پر عزم کشمیری انشااللہ کامیاب ہوں گے اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان میں امن عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کورونا سے نمٹنے سے متعلق کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی)، ورکنگ باؤنڈری سمیت سرحدوں کی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔

کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست دی جاسکتی ہے، معاشرے کے تمام فریقین کو اپنا بامقصد کردار ادا کرنا ہوگا، ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے، قومی اداروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تربیت اور مہارت اہم ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -دفاع وطن -