پنجاب پولیس پاک افواج کے نقش قدم پر،آئی ایس پی آر طرز پر نئی برانچ تشکیل دیدی گئی

پنجاب پولیس پاک افواج کے نقش قدم پر،آئی ایس پی آر طرز پر نئی برانچ تشکیل دیدی ...
پنجاب پولیس پاک افواج کے نقش قدم پر،آئی ایس پی آر طرز پر نئی برانچ تشکیل دیدی گئی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی نے پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ (پی پی آئی بی )کے قیام اور پوسٹوں کے اجراء بارے سٹینڈنگ آرڈر جاری کردیا،ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز پنجاب سہیل اختر سکھیرا کو پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر(پی پی آئی او) کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ 

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں ذرائع ابلاغ کے اداروں اور میڈیا نمائندگان تک درست معلومات، خبروں اور دیگر حقائق کی بروقت رسائی اور ترسیل انتہائی ضروری ہے، جس کے پیش نظر پنجاب پولیس کے میڈیا مینجمنٹ نظام کو اپ گریڈ کرتے ہوئے پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ(PPIB)کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ زیادہ بہتر اور منظم انداز میں خبر اور اطلاعات کے حصول اور ترسیل کا کام سر انجام پا سکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ(PPIB) میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے شعبوں کو پیشہ وارانہ طور پرمزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا اور پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ کا سربراہ(PPIO) ڈی آئی جی رینک کا آفیسر ہوگا جو پنجاب پولیس کے آفیشنل سپوکس پرسن (ترجمان) کی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے۔

 ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل اختر سکھیرا کو پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا نے پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر(پی پی آئی او)کے فرائض بھی ادا کرنا شروع کردئیے ہیں،سٹینڈنگ آرڈرپنجاب پولیس انفارمیشن برانچ (PPIB)کے قیام اور پوسٹوں کے اجراء کیلئے پولیس آرڈر 2002کے آرٹیکل 27کے تحت جاری کیا گیا ہے ۔

  سٹینڈنگ آرڈر میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ جن اضلاع میں محکمہ اطلاعات کے پی آر او تعینات نہیں وہاں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، یونٹس سربراہان، آر پی اوز اور ضلعی پولیس افسران اپنے ضلع کیلئے ایک پبلک ریلیشن آفیسر(پی آر او) اور اسکے متبادل کا نام پی پی آئی او کو منظوری کیلئے بھجوائیں گے۔ضلعی پی آر او ایڈیشنل سب انسپکٹر (اے ایس آئی) رینک جبکہ جنوبی پنجاب، تمام یونٹس اور ریجن کے پی آر اوز سب انسپکٹر رینک آفیسر ہونگے۔پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ تمام پی آر اوز کی تعیناتی کے بعد ان کی ٹریننگ کا انتظام کرے گی جبکہ تمام پی آر اوزکو پیشہ ورانہ امور کیلئے آفس، درکار سٹا ف اور ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے گی۔ 

مزید :

قومی -