دبئی کے پاکستانی الیگزر گروپ نے پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کابیڑہ اٹھا لیا

دبئی کے پاکستانی الیگزر گروپ نے پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کابیڑہ اٹھا ...
دبئی کے پاکستانی الیگزر گروپ نے پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کابیڑہ اٹھا لیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان کے دیہی علاقوں میں سرکاری سکولوں اور طلباءکی حالت زار دیکھ کر دبئی میں موجود کاروباری گروپ نے ناگفتہ بہ حالات کے شکار سکولوں کو مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تعلیم کے معیار میں بہتری ہو اور طلباءکار آمد شہری بن سکیں۔

پاکستان کے تعلیمی اعدادوشمار کی رپورٹ2014کے مطابق مجموعی طور پر تین لاکھ سے زائد سکول ہیں جن میں سے ایک لاکھ 91 ہزار سے زائد سکول سرکاری جبکہ ایک لاکھ 12 ہزار کے لگ بھگ نجی تعلیمی ادارے ہیں۔ ان سکولوں میں طلباءکے داخلوں کی تعداد 47.5 ملین ہے جن میں سے 27.7 ملین بچے سرکاری سکولوں جبکہ 19.8ملین بچے نجی تعلیمی اداروں میں داخل ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں معیاری اساتذہ کی قلت ہے۔ پاکستان بھر کے لگ بھگ 29فیصد سکولوں میں صرف ایک استاد ہے جو کہ ملک کے تعلیمی نظام کی زبوحالی کی عکاسی ہے۔

الیگزر (ELIXIR) گروپ کے روح رواں علی راو پاکستان کے تعلیمی نظام کی تفریق پر نظر رکھتے ہیں۔ پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ان کی کمپنی الیگزر نے ٹیچ فار پاکستان تنظیم کیساتھ اشتراک کر لیا ہے تاکہ تعلیم سے محروم اور ناقص تعلیم پانے والے طلباءکو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کئے جاسکیں، اس معاہدے کے تحت الیگزر گروپ مستقبل کے دس ماہرین تعلیم اور رہنماوں کا چناوکرے گا اور دیہی علاقوں کے سرکاری سکولوں میں پانچ سو طلبا کے لیے معیاری تعلیم کا بندوبست کیا جائے گا، اس شراکت داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی راونے کہا ہے کہ مجھے ٹیچ فار پاکستان کی ٹیم کیساتھ شراکت داری پر خوشی ہے کیونکہ یہ صرف ایک تنظیم ہی نہیں بلکہ برابری پر مبنی تعلیمی نظام کی طرف گامزن ایک تحریک ہے جو مستقبل کی نسلوں کی تعمیر کیلئے ضروری ہے۔پاکستان معیاری تعلیم کا مستحق ہے جو ہم اپنے بچوں کو دینے کے قابل ہوئے ہیں۔اس فیلو شپ کے ذریعے ہم مساوی تعلیم کے اہم مسئلے پر کام کے لیے اپنا بہترین ٹیلنٹ پیش کر رہے ہیں جو ہمیں بطور قوم درپیش ہے۔یہ نوجوان افراد ایک بہتر اور مساویانہ نظام کے قیام کے لیے قائدانہ کردار ادا کریں گے جہاں کہیں بھی یہ پاکستان میں خدمات سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ جدت کی ایک قسم اور ایک مثبت مداخلت ہے جس کی معاونت پر الیگزر گروپ کو فخر ہے۔ ٹیچ فار پاکستان تنظیم ٹیچ فار آل گلوبل نیٹ ورک کا شرکت دار ہے اور وفاقی نظامت تعلیم اور وزات وفاقی پیشہ ورانہ تعلیم کیساتھ ملکر کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں تعلیمی تفریق کا خاتمہ ہو۔ٹیچ فار پاکستان یونیورسٹی کے قابل ترین نوجوان گریجوایٹس کو پسماندہ علاقوں میں دو سالہ فیلو شپ پر بھرتی کرتی ہے۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -