معروف فیشن ڈیزائنر پر متعدد مرد ماڈلز نے جنسی ہراسگی کا الزام لگادیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف امریکی فیشن ڈیزائنر الیگزینڈر وینگ پر متعدد مرد ماڈلز نے جنسی ہراسگی کا سنگین الزام عائد کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق 37سالہ الیگزینڈر وینگ پر کئی مرد ماڈلز نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے انہیں منشیات اور شہوت انگیز دوا دے کر ان پر جنسی حملہ کیا۔ الیگزینڈر وینگ پر الزام عائد کرنے والے ایک ماڈل نے الیگزینڈر کے ساتھ ہونے والی چیٹنگ کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے ہیں جن میں الیگزینڈر مبینہ طور پر اسے جنسی تعلق کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے اور ملاقات کا کہہ رہاہوتا ہے۔
ان ماڈلز کا کہنا ہے کہ الیگزینڈر کے متعلق فیشن انڈسٹری جانتی ہے کہ وہ جنسی اعتبار سے کس روئیے کا مالک ہے۔ انڈسٹری میں ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ اب تک کئی مردوں کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بناچکا ہے۔الیگزینڈر وینگ کی طرف سے ان ماڈلز کے الزامات کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ اپنے سٹاف کو لکھی گئی ایک ای میل میں الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ ”اب میری یہ پہلی ترجیح بن چکی ہے کہ میں ان الزامات کو غلط ثابت کروں اور میں انہیں غلط ثابت کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ “