وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کی املاک پر قبضے ختم کروانے لئے اداروں کو 15 دن کا ٹاسک دے دیا۔
سٹی 42 کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی املاک پر قبضوں کی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی ،جس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کی 261 املاک پر قبضہ ہے۔ وزیراعظم نے اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین چودھری وسیم اختر کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ15 روز کے اندر ان املاک کو قبضہ مافیا سے چھڑوایا جائے۔
عمران خان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، پولیس، کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ، اینٹی کرپشن اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو قبضہ مافیا سے املاک واگزار کروانے کی ہدایات کی ہیں۔برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، سعودی عرب،کویت، جرمنی، اٹلی اور فرانس سمیت دیگر ممالک سے پاکستانی نژاد شہریوں کی جانب سے وزیراعظم کو املاک پر قبضہ کی شکایات کی گئی تھیں۔