اپوزیشن میں استعفے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ،حکومت مدت پوری کرے گی:عثمان بزدار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں استعفے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ،انتشارکی سیاست کو عوام نے یکسر رد کر دیا ہے،ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی،پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں،یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے،حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے،منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے باوجودپی ڈی ایم نے عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں کی،اپوزیشن ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے ، یہ عناصر کورونا کی حقیقت سے آنکھیں چرا رہے ہیں ، مذموم عزائم کے لئے لوگوں کی زندگیوں کو داو پر لگانا پی ڈی ایم کی خود غرضی ہے ۔