ہماری اراضی پر قبضہ کیوں کیا؟ریلوے کا پانی چوری کر کے واسا پر جوابی حملہ
لاہور(حنیف خان) واسا نے ریلوے کی جگہ پر قبضہ کرکے ٹیوب ویل نصب کرلیا جس کے جواب میں ریلوے نے واسا کا پانی چوری کرنا شروع کردیا ہے واسا کا ریلوے پانی چور نکلنے پر واسا انتظامیہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تاہم پانی چوری کرنے کے باوجود ریلوے پاور ہاﺅس باجہ لائن کالونی میں پانی کی قلت برقرار ہے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ واسا نے ریلوے سے اجازت لئے بغیر اس کی اراضی پر ٹیوب ویل لگا لیا ہے اور ٹیوب ویل مغلپورہ ورکشاپس ڈویژن میں تھانہ ریلوے ورکشاپس کے سامنے نصب کیاگیا ہے جس کی مدد سے کچی آبادی کے مکینوں کو پانی سپلائی کیاجارہا ہے ذرائع نے بتایا کہ واسا 1 ہزار فٹ گہرائی سے زمین سے پانی حاصل کررہا ہے جبکہ ریلوے 6 سو فٹ گہرائی سے زمین سے پانی حاصل کررہا ہے لیکن جب واسا کا ٹیوب ویل چلتا ہے تو وہ زمین سے سارا پانی کھینچ لیتا ہے اور ریلوے کا ٹیوب ویل پانی کے حصول سے محروم رہ جاتا ہے جس کے پیش نظر ریلوے نے واسا کا پانی چوری کرنا شروع کردیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ ریلوے نے 7 مقامات سے واسا کا پانی چوری کیا ہے اور رات کے اندھیرے میں واسا کی پائپ لائنوں سے ریلوے کے پانی کے کنکشن لئے ہیں ذرائع نے بتایا کہ ریلوے نے ٹینکی نمبر 56، ریلوے پاور ہاﺅس کالونی کے بلاک نمبر 764 829، 931 اور 772 سمیت ریلوے کواٹروں کے مختلف بیرکوں میں زمین کھدائی کرکے پانی کے کنکشن لئے ہیں اور واسا کا پانی چوری کیا ہے دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے اگر پانی چوری کرنے کا اقدام اٹھایا ہے تو یہ مجبوراً ہے کیونکہ ریلوے کالونی پاور ہاﺅس باجہ لائن میں پانی کی قلت پیدا ہوئی ہے تو اس کی ذمہ دار بھی واسا ہے ریلوے اپنے ٹیوب ویل کی مدد سے ریلوے پاور ہاﺅس باجہ لائن کو پانی فراہم کرنا تھا جب تک واسا کا ٹیوب ویل نہیں لگا تھا اس وقت تک ریلوے پاور ہاﺅس باجہ لائن کالونی میں پانی کی کمی نہیں تھی۔ واسا نے پانی چوری کی روک تھام کے لئے مختلف مقامات پر کنکشن منقطع کرنے کی کوشش کی ہے مگر ریلوے انتظامیہ نے انہیں پانی کا کنکشن منقطع کرنے سے روک دیا ہے اور واسا کو کہا ہے کہ تم نے ہماری جگہ پر بغیر منظوری کے ٹیوب ویل لگایا ہے لہٰذا ہم (ریلوے) کسی بھی صورت میں پانی کے کنکشن کاٹنے نہیں دیں گے۔