الجزائرنے ورلڈ کپ کی بونس رقم اہل غزہ کوعطیہ کرنے کا اعلا ن کردیا
د بئی ( نیٹ نیوز)برازیل میں ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ میں شرکت کرنے والی الجزائر کی ٹیم نے بونس میں ملنے والی رقم کو اسرائیلی فوج کے محاصرے کا شکار اہل غزہ کو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔عالمی کپ ٹورنا منٹ کے پہلے مرحلے میں روس کے خلاف میچ میں گول اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے والے الجزائر کے کھلاڑی اسلام سلیمانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''غزہ کے محصور فلسطینی ہم سے زیادہ اس رقم کے حق دار ہیں''۔واضح رہے کہ الجزائر واحد عرب ملک ہے جس کی ٹیم نے برازیل میں ہونے والے فٹ بال عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور وہ پہلی مرتبہ ناک آو¿ٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔الجزائری ٹیم کو جرمنی کے خلاف اہم میچ میں اضافی وقت میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دوچار ہونا پڑا تھالیکن اس شکست کے باوجود بہت سے مبصرین نے الجزائری کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ الجزائری ٹیم نے مقررہ وقت میں جرمن ٹیم کا سخت مقابلہ کیا تھا حالانکہ بہت سے الجزائری کھلاڑی روزے سے تھے مگر میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ روزہ ان کی شکست کا سبب نہیں بنا تھا۔