یوسف صلاح الدین نے نعتیہ البم ’’ نبیوں کا سردار‘‘ ریکارڈ کرلیا

یوسف صلاح الدین نے نعتیہ البم ’’ نبیوں کا سردار‘‘ ریکارڈ کرلیا

  

لاہور ( فلم رپورٹر) معروف سماجی شخصیت یوسف صلاح الدین نے پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاروں پرمشتمل نعتیہ البم ’’ نبیوں کا سردار‘‘ ریکارڈ کرلیا۔ البم میں استاد راحت فتح علیخاں، شفقت امانت علی خاں، فریحہ پرویز، صنم ماروی، حنانصراللہ، سارہ رضا خان، علی عباس اور ساحر علی بگا کی آوازوں میں نعتیہ کلام ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ نعتیہ کلام کی کمپوزیشن میاں یوسف صلاح الدین نے ترتیب دی ہیں جبکہ ان کا میوزک ارینجمنٹ ساحر علی بگاکا ہے۔ دوسری جانب ’’نبیوں کا سردار‘‘ میں شاعرمشرق علامہ اقبال اورسرورنقشبندی کے دو، دوکلام جبکہ بہزاد لکھنوی کے پانچ اورمیاں یوسف صلاح الدین کا ایک کلام بھی شامل ہے۔ بتایاگیا ہے کہ البم کی ریکارڈنگ مقامی سٹوڈیو میں کی گئی تھی جبکہ دونعتیہ کلاموں کی ویڈیوبھی تیارکی جارہی ہے۔ان میں راحت فتح علی خاں اوردوسراحنا نصراللہ کا گایا ہوا ہے۔ نعتیہ البم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میاں یوسف صلاح الدین کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کی مناسبت سے ایک ایسانعتیہ البم تیارکیا ہے جس میں پاکستان میوزک انڈسٹری پرراج کرنیوالی تمام بہترین آوازیں شامل ہیں۔ البم علامہ اقبال، بہزادلکھنوی، سرورنقشبندی اورایک میرا لکھا نتعیہ کلام ہے۔اس البم کوآئندہ تین، چارروزمیں مارکیٹ میں متعارف کروادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس البم کوریکارڈ کرنے کا مقصد قطعی یہ نہیں تھا کہ اس کے ذریعے کوئی کاروبارکیاجائے۔ یہ امت مسلمہ کیلئے ماہ رمضان کا تحفہ ہے اورمجھے یقین ہے کہ جب لوگ یہ کلام سنیں گے تووہ دلی سکون محسوس کرینگے۔

مزید :

کلچر -