جنوبی افریقہ او ر سری لنکا کی ٹیمیں کل پہلے ون ڈے میں مدمقابل
کولمبو ( نیٹ نیوز) سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کل کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم آٹھ برس بعد سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2006ءمیں کھیلی گئی تھی۔ جنوبی افریقن ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز کولمبو، پالے کیلی اور ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے، دونوں کے درمیان دوسرا میچ 9 جولائی کو پالے کیلی جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 12 جولائی کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ برس کھیلی گئی ون ڈے سیریز 4-1 سے سری لنکا کے نام رہی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔