علم ٹرسٹ کے اشتراک سے پانچ سو غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے، ندیم عالم

علم ٹرسٹ کے اشتراک سے پانچ سو غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے، ندیم ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبہ کے مختلف اضلاع میں محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور علم ٹرسٹ کے اشتراک سے پانچ سو غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے۔ سکیم کے پہلے مرحلے میں ضلع فیصل آباد میں دس سکول قائم کیے جا چکے ہیں ۔ ان اداروں کے اساتذہ کو محکمہ خواندگی تربیت کے اعلیٰ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لٹریسی کٹ کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ اس امر کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری لٹریسی ندیم عالم بٹ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں لٹریسی ٹیچرز کی ٹریننگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ علم ٹرسٹ کے چیئرمین ذولفقار حسین نون ، جی سی یو ایف کی ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر نورین عزیز قریشی اور ڈائریکٹر ایچ آر شیخ محمد اکرم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ لٹریسی ایسی این جی اوز اور اداروں کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرے گاجو ناخواندگی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ علم ٹرسٹ کے چیئرمین نے صوبہ پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ محمد شہباز شریف کے تعلیمی ترقی کے وژن کے تحت خواندگی بڑھانے اور غریب اور پسماندہ علاقوں کے بچوں اور بڑوں کیلئے فراہمی تعلیم کے منصوبوں کو کامیاب بنانے کیلئے مخلصانہ تعاون کا یقین دلایا۔دیگر مقررین نے بھی فروغِ خواندگی کیلئے محکمہ لٹریسی کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -