محکمہ بجلی میں سٹاف کی کمی سے کارکن کام کی شدید زیادتی کا شکار ہیں،خورشید احمد

محکمہ بجلی میں سٹاف کی کمی سے کارکن کام کی شدید زیادتی کا شکار ہیں،خورشید ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی میں مطلوبہ سٹاف کی کمی کے باعث کارکن کام کی شدید زیادتی کا شکار ہیں۔جس کے باعث کام کے دوران حادثات میں کارکن شہید ہو رہے ہیں، گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خورشید احمد خان و دیگر نے کہا کہ روزافزوں کام کی زیادتی اور دن رات گرمی، آندھی و طوفان میں کام کرنے اور محکمانہ یارڈ سٹک کے تحت منظور شدہ سٹاف کی تعداد عرصہ دراز سے بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے کام کی بے پناہ زیادتی سے آئے دن المناک حادثات سے لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ گزشتہ چند ایام میں صرف لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں چھ لائن مین کام کرتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں اور دو شدید زخمی ہوکر زیر علاج ہیں جبکہ تونسہ میں ایک روز میں دو لائن مین کام کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں دوسری جانب محکمہ میں ضرور ت کے مطابق بجلی کے سامان بمعہ ٹرانسفارمر، کنڈیکٹر سیفٹی کے آلات اور میٹرروں کی شدید کمی کی وجہ سے کام کی بروقت ادائیگی میں مشکلات آرہی ہیں۔بجلی کے صارفین اپنے منظور شدہ لوڈ سے کہیں زیادہ بجلی کے استعمال سے موجودہ لائنوں اور ٹرانسفارمر پر گرمیوں میں ایئرکنڈیشن کے استعمال سے لوڈ بڑھنے سے بجلی کی بریک ڈاؤن کا سبب بنتے ہیں جس سے سٹاف دن رات اپنے آرام کو نظر انداز کرکے بجلی بحال کرتے ہیں۔ ان حالات میں ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ہماری تجاویز پرجلد عمل کرے اور محکمانہ مسائل حل کئے جائیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -