4ایئرلائنز کا پی آئی اے کو لیز پر طیارے دینے سے انکار

4ایئرلائنز کا پی آئی اے کو لیز پر طیارے دینے سے انکار
4ایئرلائنز کا پی آئی اے کو لیز پر طیارے دینے سے انکار
کیپشن: PIA Plane

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) 4 غیرملکی ایئرلائنز نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا ءپر پی آئی اے کو ”ویٹ لیز“ پر طیارے دینے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپ اور وسطی ایشیاءکی ان ایئرلائنز نے جون میں ٹینڈر جاری ہونے پر پی آئی اے کو چار طہارے فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم کراچی ایئرپورٹ پر حملے اور پشاور میں پی آئی اے کی ایک طیارے پر لینڈنگ کے وقت فائرنگ کے بعد انہوں نے اپنی پیشکش واپس لے لی۔ ویٹ لیز معاہدے کے تحت ایک ایئرلائن طیارہ، پائلٹس، کیبن کریو، انشورنس اور دیکھ بھال کی سروس جبکہ ”ڈرائی لیز“ میں صرف طیارہ فراہم کرتی ہے۔ پی آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ ان غیر ملکی ایئرلائنز نے 180 سیٹوں والے 320 اور 737 طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم اب انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ”ڈرائی لیز“ پر بھی طیارے حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پی آئی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ قومی ایئرلائن دو ہوائی اڈوں پر دہشت گرد حملوں کے بعد مشکل حالات کا سامنا کررہی ہے، اس صورتحال سے نکالنے کیلئے حکومت کو مکمل مدد کرنا ہوگی۔ پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے تسلیم کیا کہ پشاور میں ایک طیارے پر حملے کے بعد پی آئی اے کو ویٹ لیز پر طیارے حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا ہے ہم کچھ غیر ملکی ایئرلائنز سے مذاکرات کررہے ہیں اور امید ہے کہ ویٹ لیز پر طیارہ حاصل کرلیں گے۔

مزید :

لاہور -