حکمران آج تک ایک بھی وعدہ وفا نہ کر سکے،افنان صادق بٹ
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری افنان صادق بٹ نے کہا کہ نوز لیگ سرکارنے عام انتخابات مہم میں عوام سے بڑے بڑے وعدے کیے لیکن آج تک وہ اپنے کسی بھی وعدے کو وفا ءکرنے میں ناکام رہی ہے حکومت عوامی مسائل سے دانستہ چشم پوشی کر رہی ہے صوبہ کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا گلو بٹ سیاسی کلچر جمہوریت کیلئے خودکش حملے سے کم نہیںانہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ملک کی بقاءسالمیت اور جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں دھونس دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط ہونے والا حکمران ٹولہ عوام سے کیے گئے وعدوں سے منحرف ہوگیا ہے کر ملک کو شہنشائیت کی طرح چلا رہا ہے بے روزگاری ، غربت اور لوڈشیڈنگ حکمرانوں کے تحفے ہیں ضلعی افسران رمضان بازاروں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں جبکہ حکومتی رمضان سستے بازار اندھیرنگری چوپٹ راج والا معاملہ ہے ، ناقص اور غیر معیاری اشیاءکے باعث عوام نے رمضان بازاروں کو مسترد کردیا ہے انہوں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو اپنی سیاسی سمت کا تعین درست رکھنا ہوگا وطن عزیز میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بدولت جمہوریت اپنے سفر پر رواں دواں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوریت پسند سیاسی جماعت ہے جس نے روز اول سے ہی ملک میں جمہوریت کے فروغ اور بحالی کیلئے کام کیا ہے پیپلز پارٹی کا موقف آج بھی واضح ہے کہ جلسے اور جلوسوں سے کسی سیاسی جماعت کو نہ روکا جائے لیکن اس دوران سیاسی جماعتیں بھی اس امر کاخیال رکھیں کہ وہ جمہوری عمل کو متاثر نہیں کریں گی۔