سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”یومِ حمایت آپریشن ضربِ عضب“ منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”یومِ حمایت آپریشن ضربِ عضب“ منایا گیا

  

لاہور ( سٹاف رپورٹر)چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”یومِ حمایت آپریشن ضربِ عضب“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں علمائے اہلسنّت نے اہلسنّت کی اڑھائی لاکھ مساجد میں آپریشن ضربِ عضب کی حمایت میں خطباتِ جمعہ دیئے اور عوام سے دہشت گردی سے نفرت اور امن سے محبت کا حلف لیا نیز جمعہ کے اجتماعات میں پاک فوج کے حق میں اور آپریشن ضربِ عضب کی تائید و حمایت پر مبنی قراردادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ نمازجمعہ کے بعد مساجد میں آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فوجی جوانوں و افسروں کے لیے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان میں موت تقسیم کرنے والوں کو موت کے گھاٹ اتار رہی ہے۔ آپریشن ضربِ عضب پوری قوم کا اجتماعی فیصلہ ہے۔ پاکستان کا مستقبل آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ پاک فوج کے جوان اور افسر پاکستان بچانے کے لیے اپنے سر ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں امن کا سایہ اور دہشت گردوں کا صفایا ہو گا۔ دہشت گردی ختم کیے بغیر پاکستان کو استحکام نصیب نہیں ہو سکتا۔

 سنی اتحاد کونسل

مزید :

صفحہ آخر -