حکمران اقتدار کے آخری دنوں میں غر یبو ں کی مزید بددعائیں نہ لیں، محمودالرشید

حکمران اقتدار کے آخری دنوں میں غر یبو ں کی مزید بددعائیں نہ لیں، محمودالرشید

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے بجلی ،گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے اور ’’اووربلنگ‘ ‘ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگی قیادت اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں روزہ داروں اور غر یب عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں ‘عوام کی خدمت کی بات کر نیوالی وفاقی اور صوبائی حکومت کے عوام دشمن اقدامات رمضان المبارک میں خوفناک مہنگائی کی اصل وجہ ہیں ‘سحری اور افطاری کے دوران بھی لوڈشیڈ نگ حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتاثبوت ہے ۔ جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں اور اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے رمضان بازاروں کے نمائشی دوروں کے بعد مہنگائی میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہو چکا ہے جسکی وجہ سے روزہ دار عوام حکمرانوں کے خلاف سر اپااحتجاج ہیں ‘5 ارب کا رمضان ریلیف پیکج بھی ڈھونگ ثابت ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران اور انتظامیہ رمضان المبارک سے پہلے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتی تو آج اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں نہ کر رہی ہوتیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے والی قیمتیں ہی واپس لے آئیں تو یہ ان کا عوام پر بڑا احسان ہوگا مگر موجودہ حکمرانوں سے عوام کو کسی خیر کی توقع نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بے حس اوربے رحم حکمران رمضان المبار ک میں عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں تھے ورنہ رمضان المبارک کے دوران گیس کی قیمتوں میں 5فیصد بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 فیصد درآمدی خوراک پر5فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہ کی جاتی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے اس رمضان المبارک کو حکومت نے اپنے عوام دشمن روئیے سے روزہ داروں کے لئے تکلیف دہ بنا دیا ہے‘ اوکاڑہ میں وزیراعلیٰ نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ پنجاب حکومت کی مقررہ کی گئی قیمتوں پر اشیاء فروخت نہیں ہو رہیں جو نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے مگر اس کے باوجو دحکمران عوام کو صرف تسلیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے آلو کی قیمتوں میں 32 روپے پھل 40 روپے کھجور47 روپے دالیں30 روپے دودھ10 روپے دہی 15روپے اور مٹن کے گوشت کی قیمت میں150 روپے کلو اضافہ ہوچکا ہے اور آنیوالے دنوں میں ان اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مہنگائی روکنے کے نمائشی اقدامات کی بجائے عملی اقدامات کریں۔

محمودالرشید

مزید :

صفحہ آخر -