قوم کو اس وقت دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی ضرورت ہے، رانا مشہود

قوم کو اس وقت دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی ضرورت ہے، رانا مشہود

  

لاہور(پ ر) صوبائی وزیرقانون رانا مشہود احمد خاں نے طاہرالقادری اورشیخ رشید کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اس وقت دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی ضرورت ہے ۔مولانا اور شیخ رشید کوحالات کی نزاکت کو سمجھنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو مگر شعبدہ باز نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے۔ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے‘ سیاسی شعبدہ بازوں کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو کر دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہوں۔ شکست خوردہ اور مایوس عناصر کا چور دروازے سے اقتدارمیں آنے کا خواب‘ خواب ہی رہے گااور وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخ رشید کو زندگی میں ایک دفعہ موقع ملا تو انہوں نے اپنے بھتیجے راشد شفیق کو پنڈی سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑوایا اور وہ ہار گیا-راشد شفیق کو بعد میں تحصیل ناظم بنایا گیا جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے راولپنڈی سے پرویز خان، شکیل اعوان اور ملک ابرار جیسے ورکروں کو ٹکٹ دیا اور اسمبلی میں پہنچایا-شیخ رشید اب کس منہ سے موروثی سیاست کی بات کرتے ہیں-

مزید :

صفحہ آخر -