5جولائی کو آئین مسخ اور ریاستی اداروں کو تباہ و برباد کیاگےا، آصف زرداری

5جولائی کو آئین مسخ اور ریاستی اداروں کو تباہ و برباد کیاگےا، آصف زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (خصو صی رپو رٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 5جولائی 1977ءکو ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے جس دن ایک فوجی ڈکٹیٹر نے ایک منتخب وزیراعظم کی حکومت برطرف کی اور بعد میں اس منتخب وزیراعظم کو پھانسی دے دی۔ آئین کو مسخ کیا اور ریاست کے اداروں کو تباہ و برباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کی یاددہانی کراتا ہے کہ ایک جانب تو ہم جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد کرتے رہیں اور دوسری جانب ڈکٹیٹروں کو سزا دیتے رہیں۔ آصف علی زرداری نے اپنے 5جولائی کے خصوصی پیغام میں آئین کی منسوخی اور ڈکٹیٹرشپ کی مذمت کی۔ عوام کو جمہوریت پسندی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ طاقت کے دباﺅ میں آنے سے انکار کیا ہے اور ہمیشہ ڈکٹیٹرشپ کے جبڑوں سے اپنے حقوق چھین لئے ہیں۔ عوام کی جانب سے ڈکٹیٹروں کے احتساب کا مطالبہ عوام کی جمہوری خواہشات کی عکاسی کرتا ہے اس لئے ڈکٹیٹر اور عوام کے حقوق کے غاصبوں کو ضرور سزا ملنی چاہیے۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین نے جمہوریت کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں جمہوریت کے وہ شہداءیاد آتے ہیں جنہوں نے ملک کے تاریک دور میں قربانیاں پیش کیں تاکہ آنے والی نسلیں امن اور عزت کی زندگی بسر کر سکیں۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اظہار کرنا چاہیے کہ ہم جمہوریت کے فروغ اور تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ ہمارے عوام ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہیں اور تمام لوگوں کے لئے ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔
آصف زرداری

مزید :

صفحہ آخر -