حکومت کا لانگ مارچ کی کال واپس لینے کیلئے عمران خان کی تجاویز کا خیر مقدم
لاہور(خصوصی رپورٹ)حکومت کی جانب سے لانگ مارچ کی کال واپس کے لیے عمران خان کی تجاویز کا خیر مقدم۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ چار حلقوں میں تصدیق کے عمل پر سنجیدگی کے ساتھ غور کے لیے تیار ہیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے اپنے موقف میں لچک ثابت کر کے سسٹم سے کمٹمنٹ ثابت کی اور غیر جمہوری قوتوں کو پیغام دیا۔ ہمارے درمیان ڈیڈ لاک ڈائیلاگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار بیمار بھی ہیں اور ناراض بھی ناراضی خاندانوں میں بھی ہوتی ہے اور سیاسی جماعتوں میں بھی ناراضی جلد دور کر لی جائے گی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فوج آپریشن میں سر گرم عمل ہے سیاسی میدان میں جنگ و جدل ملک کے مفاد میں نہیں۔