آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کیلئے پشاور میں بھی مرکز قائم
پشاور (ما نیٹرنگ ڈیسک ) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں بھی شمالی وزیرستان کے آپریشن متاثرین کی رجسٹریشن کیلئے مرکز قائم کردیا ہےجہاں سات جولائی سے متاثرین کے اندراج کا کام شروع ہوگا۔فاٹا ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی ( ایف ڈی ایم اے)کے مطابق شمالی وزیرستان سے پشاوراوردیگر شمالی اضلاع میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین کیلئے رجسٹریشن مرکز قائم کردیا گیا ہے، اس سنٹر میں 7 جولائی کو میران شاہ،8 جولائی کو بویہ اور دتہ خیل ،9 جولائی کو میرعلی،10 جولائی کو دوسلی اور گڑیوم، 11 جولائی کو رزمک اور شوال، 12 جولائی کو غلام خان جبکہ14 جولائی کو دیگر علاقوں کے متاثرین کا اندراج ہوگا۔پشاور اور شمالی علاقوں میں مقیم متاثرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کو اپنی رجسٹریشن کرالیں۔فاٹا ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد متاثرین کو 7 ہزار روپے ماہانہ خرچہ،5 روپے کا غذائی مواد، 3ہزار روپے ماہانہ گھر کا کرایہ اور رمضان پیکج کے تحت فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔6جولائی سے متاثرین کو نقد ادائیگی کا سلسلہ بھی روک دیا جائے گا اور آئندہ ادائیگی زونگ موبائل سم کے ذریعے کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سم کے ذریعے ادائیگی کا مقصد اس پورے عمل کو مزید شفاف بنانا ہے۔