جیوکی سزا کیخلاف وزارت دفاع کی اپیل دفاتر میں ہی رہ گئی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پیمرا کی طرف سے جیونیوزکو دی جانیوالی 15دن کی سزا کیخلاف وزارت دفاع کی اپیل دفاتر میں ہی رہ گئی اور اپیل دائر کرنے کاوقت ختم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جیونیوز کی سزا کو ناکافی قراردیتے ہوئے اپیل کیلئے معاملہ اٹارنی جنرل آفس کو بھجوایاجہاں سے اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے اپیل کرنے سے انکارکرتے ہوئے قانونی رائے کیلئے اپیل کا ڈرافٹ وزارت قانون کو بھجوادیا۔ وزارت قانون نے رائے دی کہ مجاز اتھارٹی کے اپیل پر دستخط موجودنہیں لہٰذا رائے دی جاسکتی ہے اور نہ ہی اپیل دائر ہوسکتی ہے ۔
باخبر ذرائع نے بتایاکہ تاحال وزارت دفاع تک واپس اپیل پہنچی اور نہ ہی کسی قسم کے اعتراض سے آگاہ کیاہے تاہم چھ جون کو جیوکوسنائی جانیوالی سزا کیخلاف اپیل دائر کرنے کی مدت 6جولائی کو ختم ہوگئی ہے ۔ واضح رہے کہ پیمراآرڈیننس کی شق 30اے کے تحت اپیل دائر کی جاسکتی تھی ۔