داعش کا سربراہ البغدادی موت کے دہانے پر: عراقی ٹی وی کا دعویٰ
بغداد (نیوز ڈیسک) عراق ٹیلی ویثرن چینل ’السماریا‘ کے مطابق ISISکا سربراہ ابوبکر البغدادی عراقی سیکورٹی فورسز سے جھڑپ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گیا ہے۔ عراق میں بین الاقوامی پارلیمینٹ کے نمائندہ حیدر الشارہ نے کہا ہے کہ عراق فورسز نے’قائم‘ شہر میں شامی انٹیلی جنس کی مدد سے آپریشن کیا ، اس آپریشن میں ائیر فورس اور زمینی افواج دونوں استعمال کی گئیں۔ کاروائی کے دوران البغدادی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شدید زخمی ہو گیا اور پھر قریب ہی واقع شامی سرحد کو اپنے ساتھیوں سمیت عبورکر کے روپوش ہو گیا ۔عراقی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ البغدادی شدید زخمی ہے اور ممکن ہے کہ وہ زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو جائے۔ عراقی ٹی وی کے اس دعوے کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔