نیب کا امیدواروں کو گرفتار نہ کرنے فیصلہ خلافِ قانون ہے ‘ تحریکِ انصاف

نیب کا امیدواروں کو گرفتار نہ کرنے فیصلہ خلافِ قانون ہے ‘ تحریکِ انصاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی) تحریکِ انصاف نے نیب کے فیصلے کو خلافِ ضابطہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی نظر میں کسی کی گرفتاری مطلوب ہے تو پھر انکار کیوں؟ ،نیب کا کرپشن میں ملوث افراد کی 25جولائی تک گرفتاری نہ کرنے کا فیصلہ قانون سے متصادم ہے۔مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کرپشن میں ملوث سیاستدانوں کی گرفتاریاں نہ کرنے کے نیب کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے سامنے آنے والا فیصلہ باعث تعجب ہے، کس قانون کے تحت کرپشن جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے سے گریز ممکن ہے؟۔انہوں نے کہا کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کا فیصلہ براہِ راست فوجداری قانون سے متصادم ہے۔ قانون کے تحت جس شخص کی گرفتاری مطلوب ہو اسے محض اس لئے کہ وہ الیکشن لڑ رہا ہے، گرفتار نہ کرنا کیسے ممکن ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سیاست مصلحت کے تابع ہو تو قابل فہم ہے، قانون مصلحت کا شکار ہو جائے تو انارکی جنم لیتی ہے۔ نیب قانون سے متصادم فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ کرپشن جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد سے کسی قسم کی مصلحت یا رعایت کے بغیر نمٹا جائے۔
تحریکِ انصاف