’’پارٹی فیصلوں کی پابندی کرونگا ‘‘ ممتاز کاہلوں نے الیکشن سے دستبردار ی کا اعلان کردیا

’’پارٹی فیصلوں کی پابندی کرونگا ‘‘ ممتاز کاہلوں نے الیکشن سے دستبردار ی کا ...
’’پارٹی فیصلوں کی پابندی کرونگا ‘‘ ممتاز کاہلوں نے الیکشن سے دستبردار ی کا اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرگودھا (بیورورپورٹ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نارتھ پنجاب ممتاز اختر کاہلوں نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا، انہوں نے سرگودھا میں اپنی رہائشگاہ پر پی ٹی آئی کے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کی، اکثریت نے مشورہ دیا کہ ہمیں اپنی پارٹی قیادت کیساتھ چلنا ہے اور سب سے بڑی بات کہ عمران خان خود چل کر گھر آئے اس لئے ہمیں پارٹی قیادت کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔

ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ اپنے صحافی بھائیوں ، علماکرام ، وکلا ، تاجروں ، سیاسی و سماجی رہنماؤں ، پی ٹی آئی کے کارکنوں اور اہل سرگودھا کی محبتوں کا جس قدر شکر ادا کروں وہ کم ہے جنہوں نے اپنی محبتوں سے ہمیں نوازا میں ان تمام دوستوں کی موجودگی میں اعلان کرتا ہوں کہ اپنی پارٹی کے قائد عمران خان کے کہنے پر میں این اے 9سے انتخاب لڑنے کے فیصلے سے دستبردار ہوتا ہوں ، پارٹی قیادت کے فیصلوں کی پابندی کرونگا تاکہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوسکیں۔ممتاز اختر کاہلوں پی ٹی آئی امیدوار ڈاکٹر نادیہ عزیز کے حق میں دستبردار ہوئے جبکہ ٹکٹ نہ ملنے پر وہ  آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے تھے۔

یادرہے کہ  02 جولائی کو عمران خان نے ممتاز اختر کاہلوں کی رہائشگاہ پہنچ کر ان سے الیکشن نہ لڑنے کی استدعا کی تھی اور ممتاز اختر کاہلوں نے ساتھیوں سے مشاورت کے لئے دو دن کا وقت مانگا تھا۔ممتاز کاہلو نے بتایاکہ عمران خان کے میرے گھر آنے اور ساتھیوں کی مشاورت کے بعد این اے 90 سے اور میرا بیٹا عبداﷲ ممتاز کاہلوں پی پی 78 سے دستبردار ہو گئے ہیں ،عمران خان  صرف میرے گھر آئے جس میں انہوں نے کہا کہ پہلے ٹکٹ انہیں دی گئی لیکن قانون کے مطابق 5 فیصد خواتین کو ٹکٹ دینے کی وجہ سے ٹکٹ تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارتی قیادت اس بارے لا علم تھی کہ 5 فیصد خواتین کو ٹکٹ نہ دینے پر پارٹی نشان مل جاتا ہے۔

اس موقع پر سابق تحصیل ناظم ملک شعیب اعوان اور مقامی رہنماﺅں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ممتاز اختر کاہلوں کے دستبردار ہونے سے تحریک انصاف کے امیدواروں کی پوزیشن بہتر ہو گئی ہے۔