مرنے والوں سے پیسے لے کر ان کے جنازوں پر افراتفری پھیلانے والا شخص، جانئے دنیا کے سب سے انوکھے کاروبار کے بارے میں

مرنے والوں سے پیسے لے کر ان کے جنازوں پر افراتفری پھیلانے والا شخص، جانئے ...
مرنے والوں سے پیسے لے کر ان کے جنازوں پر افراتفری پھیلانے والا شخص، جانئے دنیا کے سب سے انوکھے کاروبار کے بارے میں

  


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا میں ایک سے بڑھ کر ایک حیران کن پیشے ہیں جن سے لوگ آمدن کما رہے ہیں لیکن آج ہم آپ کو جس پیشے کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں، اس کے متعلق جان کر آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا کہ یہ کام بھی بطور پیشہ اختیارکیا جا سکتا ہے۔ دی میٹرو کے مطابق یہ پیشہ مرنے والے شخص سے پیسے لے کر خود اس کے جنازے میں افراتفری پھیلانے اور تدفین کے لیے آئے لوگوں کو وہاں سے بھگا دینے کا پیشہ ہے۔ برطانیہ میں بل ایڈگر نامی شخص یہ پیشہ اختیار کیے ہوئے جو گزشتہ روز ٹی وی پروگرام ’گڈ مارننگ بریٹن‘ میں شریک ہوا اور اپنے حیران کن پیشے کے بارے میں بتایا۔

بل ایڈگر کا کہنا تھا کہ ”چند سال قبل میرا باس شدید بیمار تھا اور اس کے بچنے کا امکان صفر تھا۔ جب ڈاکٹروں نے اس کی موت کو یقینی قرار دے دیا تو اس نے مجھے اپنے پاس بلایا اور کہا کہ ’جب میں مر جاﺅں اور میرے رشتہ دار اور دوست میری تدفین کرنے لگیں تو وہاں پہنچ جانا اور میرے رشتہ داروں اور دوستوں کے سب راز فاش کر دینا۔‘میرے باس نے مجھے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے راز بتا دیئے اور ساتھ ہی اس کام کے پیسے بھی دے دیئے۔ چند روز بعد ان کی موت واقع ہو گئی اور میں نے ان کے جنازے میں ان کی خواہش پر عمل کر دیا۔ میں نے وہاں جا کر ایک ایک شخص کے راز فاش کیے اور افراتفری مچادی جس پر لوگ میرے باس کا جنازہ چھوڑ کر چلے گئے۔ وہیں سے مجھے اس کام کا آئیڈیا آیا اور میں نے اسے بطور پیشہ اپنا لیا۔ اب لوگ مجھے مرنے سے پہلے ہی پیسے دے دیتے ہیں اور میں ان کے مرنے کے بعد ان کے جنازے میں افراتفری مچاتا اور تدفین میں خلل پیدا کرتا ہوں۔ اب لوگ مجھ سے صرف اپنے جنازے میں افراتفری ہی نہیں برپا کرواتے بلکہ وہ اپنے رشتہ داروں کو اہم پیغامات بھی میرے ذریعے بھجواتے ہیںاور دیگر کئی اچھے کام بھی کرواتے ہیں۔ یہ مرنے والے شخص کی مرضی پر منحصر ہے کہ وہ مجھ سے اپنے جنازے پر کیا کروانا چاہتا ہے۔ میں وہی کر دیتا ہوں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس /برطانیہ