الوداعی تقریب

الوداعی تقریب

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس ایک فیملی ہے اور ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین ہمیشہ ہمارا حصہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی کاہنہ سید اقبال حسین شاہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ سی ٹی او لاہورسید حماد عابد، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد،ایس پی سکیورٹی بلال ظفر،ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن اسد مظفر،ڈی ایس پی سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز سہیل کاظمی، اے ڈی آئی جی عادل رشید و دیگر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے ڈی ایس پی کاہنہ کی محکمہ پولیس کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقبال شاہ انتہائی نیک اور ایماندار انسان ہیں۔ اقبال شاہ کی عوامی خدمات اور محکمہ کی بہتری کیلئے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اقبال شاہ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔سی ٹی او لاہور سید حماد عابد،ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاداور ایس پی سکیورٹی بلال ظفر نے بھی ڈی ایس پی سید اقبال حسین شاہ کو کامیابی سے ملازمت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے اقبال شاہ کوریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ، نقد انعام اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیئے۔ ڈی ایس پی سید اقبال حسین شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دورانِ سروس تمام افسران کی طرف سے بھرپوررہنمائی اور ریٹائرمنٹ پر عزت افزائی کیلئے شکر گذار ہوں۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان و دیگر افسران نے ڈی ایس پی اقبال شاہ کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ الوداع کہا۔ سید اقبال حسین شاہ وقتِ ریٹائرمنٹ ایس ڈی پی او کاہنہ سرکل تعینات تھے۔انہوں نے بطورایس ڈی پی او مناواں،سبزہ زار، باغبانپورہ سمیت کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔وہ محکمہ پولیس میں 1984ء میں بطوراے ایس آئی بھرتی ہوئے،1988ء میں سب انسپکٹر،2000ء میں انسپکٹر جبکہ2010 ء سے ابتک بطورڈی ایس پی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔آپ نے 02مرتبہ یو این او مشن پر بوسنیا اور سوڈان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ڈی ایس پی سید اقبال حسین شاہ نے 36 سال محکمہ پولیس میں خدمات سرانجام دیں۔

مزید :

علاقائی -