پنجاب میں سرکاری،نجی سکول مشروط بنیادوں پر 15اگست کو کھولنے کا عندیہ

  پنجاب میں سرکاری،نجی سکول مشروط بنیادوں پر 15اگست کو کھولنے کا عندیہ

  

لاہور(آن لائن، این این آئی) وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مرادراس نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی سکول مشروط بنیادوں پر 15 اگست کو کھولنے کا عندیہ دیدیا۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مرادراس نے کہا کہ وہ 15 جولائی سے سکول کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سکولوں میں فوری طور پر تمام کلاسز لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہٰذاپہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ بیک وقت کلاسز میں صرف 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ایل جی ایس معاملے پر متاثرہ طالبات اور ان کے والدین سے کل ملاقات کروں گا۔دوسری جانب محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر کی تمام یونیورسٹیاں آئندہ ماہ سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں یونیورسٹیوں کی انتظامیہ نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی ایم فل اور ماسٹر کی کلاسز شروع کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں نئے داخلوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کے باعث محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب نے داخلوں کے انٹری ٹیسٹ کے معاملات یونیورسٹی انتظامیہ کی صوابدید پر چھوڑ دیئے۔

پنجاب /تعلیمی ادارے

مزید :

صفحہ اول -