غیر نمونہ، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاون جاری

غیر نمونہ، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاون جاری

  

لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد کی ہدایت پر فینسی،غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ دو روز میں 15 ہزار715 موٹرسائیکلوں و گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری اور بغیر نمبر اور اپلائیڈ فار 1285 موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔ ٹوٹی نمبر پلیٹس لگانے پر 644، نمبرز کو ٹیمپرڈ کرنے پر 852 اور واضح نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 629 وہیکلز کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سب سے زیادہ کارروائی سٹی ڈویژن میں کی گئی۔ سید حماد عابد نے سرکل افسران کو جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس لگانے والوں کیخلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ کرنیوالوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔

قانون شکنی کی صورت میں ایسے افراد کو بھی قانون کے دائرہ میں لایا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فینسی نمبر پلیٹس تیار کرنے والوں کو آگاہی دیتے ہوئے وارننگ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے۔ غیر قانونی طور پر گرین نمبر پلیٹس اور نیلی بتی پر ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں۔ 17 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائی جاری رکھے گی۔ سیف سٹی کی نشاندہی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری پریشانی سے بچنے کیلئے محکمہ ایکسائز کے نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں۔

مزید :

علاقائی -