کوروناایس او پیز پر عملدرآمدنہ ہونے سے حالات بگڑ نے کا خدشہ،اسد عمر

  کوروناایس او پیز پر عملدرآمدنہ ہونے سے حالات بگڑ نے کا خدشہ،اسد عمر

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا ء میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد مشکل کام نہیں، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں،ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ این آئی ایچ میں نو تعمیر آئیسولیشن اینڈ اسپیشل ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔اسدعمر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 40 دن میں آئیسولیشن ہسپتال مکمل کیا گیا ہے، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئسولیشن ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس اسپتال میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہورہاہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو اس کی سزا بھی ملے گی۔اسد عمر نے کہا کہ احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران روزگار کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام طبی عملے کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں،جب بھی ملک کو مشکلات پیش آیا پاکستانی عوام ایک قوم بن گئے۔

اسد عمر

مزید :

صفحہ اول -