ن لیگ کا ایجنڈہ ترقی کی ضمانت،ہم سے الیکشن چھینا گیا:احسن اقبال
لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے،ہم سے الیکشن چھینا گیا،تنظیمی عہدوں پرنظریاتی اور اہل افراد کو لایا جائے،ٹائیگر فورس کا کورونا وائرس کیلئے امدادی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ سیاسی مقاصدکا ایجنڈا ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری،سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری،عطااللہ تارڑاور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی تنظیموں کو مثالی بنایاجائے گا،الائیڈ ونگز اور یوتھ ونگ کی دوبارہ تنظیم سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد مسلم لیگ(ن)کے ساتھ ہے،نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں،مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جج ارشد ملک کی برطرفی کے فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہے،نوازشریف کیخلاف کرپشن کا پروپیگنڈہ وقت کے ساتھ غلط ثابت ہورہا ہے،فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف بے گناہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر اور جونیئر لوگوں کے ساتھ مل کر تنظیمیں مکمل کی جا رہی ہے،تنظیم سازی کے عمل سے ہی پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط کیا جائے گا،پارٹی کے تنظیمی عہدیداران کو پارٹی فیصلوں میں فیصلہ کن کردار دیا جائے گا۔
پچھلا الیکشن