مالی بحران: سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں 5ارب سے زائد کٹوتی
لاہور (سٹی رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے کے شدید مالی بحران کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں پانچ ارب روپے سے زائد کا کٹ لگا دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے حکومت سے نان سیلری بجٹ کی مد میں 18 ارب روپے کی ڈیمانڈ کر رکھی تھی لیکن حکومت نے اس مد میں بجٹ پر کٹ لگاتے ہوئے رواں مالی سال کے بجٹ میں نان سیلری بجٹ کی مد میں 13 ارب 40 کروڑ روپے مختص کر دیئے ہیں۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مختص کی گئی رقم گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں انتہائی کم ہے کیونکہ سرکاری سکولوں میں پارٹ ٹائم کام کرنے والے اساتذہ کوبھی تنخواہیں نان سیلری بجٹ سے ادا کی جاتی ہیں اس لئے اس حوالے سے مشکلات کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔