زرعی پیکج پر فوری عملدرامد کا فیصلہ قابل ستائش ہے، شاہد رشید

  زرعی پیکج پر فوری عملدرامد کا فیصلہ قابل ستائش ہے، شاہد رشید

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 56.6 ارب روپے کے میگا زرعی پیکج پر بلا تاخیر عمل درامد کا فیصلہ قابل ستائش ہے جس سے ٹڈی دل، وبا اور لاک ڈوان سے متاثرہ لاکھوں کاشتکاروں کو ریلیف ملے۔ملک میں فرٹیلائیزر کا بحران لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسکا راستہ روکا جائے تاکہ فصلوں کی ناکامی اور ملک میں فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کسانوں کو کھاد کی خریداری میں مدد دینے کے لئے 37 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے زرعی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔کھاد کے علاوہ معیاری بیجوں اور بہتر کیڑے مار ادویات کا استعمال یقینی بنانے کے لئے کم از کم بیس ارب روپے مختص کئے جائیں جبکہ مقامی طور پر تیار شدہ اور درامد شدہ زرعی مشینری پر ٹیکس کم کئے جائیں تاکہ انکی قیمت کم کی جا سکے۔سستے زرعی قرضے جاری کرنے میں حقیقی کاشتکاروں اور چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی جائے۔زرعی قرضے اس وقت تک ضائع ہوتے رہیں گے جب تک تمام صوبوں کا کوٹہ مقرر نہ کیا جائے کیونکہ ان میں سے 91 فیصد صرف ایک صوبے کو مل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دیگر کئی اہم فصلوں کی طرح گندم کی فی ہیکٹر پیداوار میں گزشتہ گیارہ سال سے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔جس سے نمٹنے کے لئے ریسرچ اینڈ دویلپمنٹ کے شعبہ کو مستحکم کیا جائے اور بیج فراہم کرنے والی کمپنیوں کو فری ہینڈ دینے کے بجائے ریگولیٹ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے قبل متعدد زرعی پیکج ناکام ہو چکے ہیں اس لئے اسکی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

مزید :

کامرس -