سپورٹس راونڈاپ

سپورٹس راونڈاپ

  

کوانٹرنیشنل آن لائن ہاکی کوچنگ کورس آج سے شروع

ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان میں آئندہ ماہ سے آن لائن کوچنگ کورسز، امپائرز کلینک اور ٹیکنیکل آفیشل کورسز منعقد کرے گی۔گذشتہ روز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ کوچنگ کورس 5 سے 9 جولائی تک منعقد ہوگا۔ یہ کورسز ایف آئی ایچ کے نامزد بین الاقوامی ہاکی کوچوں کے ذریعہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر کورس میں 15 سے 20 افراد شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اے ایچ ایف ان کورسز کا اہتمام پاکستانی کوچوں، امپائروں اور ٹیکنیکل آفیشلز میں مہارت کی سطح کو بڑھانے کے لئے کر رہا ہے۔ سجاد کھوکھر نے کہا کہ کوچنگ کورس 5 سے 9 جولائی تک اور ٹیکنیکل کورس 12 سے 17 جولائی تک منعقد ہوگا جبکہ امپائرز کلینک کورس کی تاریخوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اور اس کورس کے انعقاد کی جولائی میں توقع کی جا سکتی ہے۔ ایف آئی ایچ کے بین الاقوامی کوچ ان کورسز کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورسز طویل عرصے کے بعد پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں اور آخری بار یہ کورسز 2008 ء میں منعقد ہوئے تھے۔

قومی فٹبالرز کے تحفظات سننے کیلئے آن لائن سیشن کا انعقاد

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی فٹبالرز کے تحفظات سننے کے لیے آن لائن سیشن منعقد کیا جس میں کھلاڑیوں نے انفرا اسٹرکچر، مالی معاملات اور لیگ کے طریقہ کار پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان نے پاکستان کی مَردوں اور خواتین فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی جس میں فٹبال معاملات پر ان کے تحفظات اور ان کے حل کے لیے تجاویز پر بات کی گئی۔ پی ایف ایف ترجمان نے بتایا کہ کھلاڑیوں نے انفرا اسٹرکچر، پروفیشنل ازم کی کمی، مالی مشکلات اور باقاعدہ لیگ کے نہ ہونے کا شکوہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان کلیم اللہ نے قومی فٹبالرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجویز بھی دی تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ ان کی جو شکایت شارٹ ٹرم معاملات سے جڑی ہیں، ان کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی جب کہ لانگ ٹرم معاملات کے حل کے لیے مستقبل میں منتخب ہونے والی باڈی کو کردار ادا کرنا ہوگا۔میٹنگ میں خواتین کھلاڑیوں نے شکوہ کیا کہ خواتین فٹبال کو مطلوبہ توجہ نہیں دی جاتی جس پر حمزہ خان نے بتایا کہ پی ایف ایف خواتین فٹبال میں بھی پروفیشنل لیگ متعارف کرارہا ہے، لیگ اس سال ہی شروع ہوجاتی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے پلان مؤخر کرنا پڑا۔آن لائن سیشن میں پاکستان ویمن ٹیم کی ہاجرہ خان، سحر زمان، ابیحہ حیدر، خدیجہ کاظمی، ملیکہ نور اور فاطمہ انصاری جب کہ مردوں کی ٹیم سے کپتان صدام حسین کے علاوہ کلیم اللہ، یوسف بٹ، حسن بشیر، احسان اللہ، محمد ریاض، مرتضیٰ حسین اور محمد وحید شریک ہوئے۔

ثانیہ مرزا کی اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ ویڈیو وائرل

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ باتیں کر رہی ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ثانیہ مرزا اپنے بیٹے سے کچھ سوالات کر رہیں ہیں۔جس پرننھا اذہان جواب دیتا ہے کہ اسد خالو چوکا مارتے ہیں لیکن بابا چھکا مارتے ہیں۔ ننھے اذہان نے چوکے اور چھکے کا جواب ہاتھ کے اشاروں سے دیا۔یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اکثر و بیشتر اپنے بیٹے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔واضح رہے کہ ماں اور بیٹے کے خوشگوار لمحات پر مبنی اس ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

میسی 700 گول بنانے والے دنیا کے ساتویں فٹبالر

لیونل میسی کیر یئر میں 700 گول بنانے والے دنیا کے ساتویں فٹبالر بن گئے۔ اسپینش لیگ میں ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف انہوں نے کیر یئر کا 700واں گول کیا۔اس سے پہلے جوزف بیکان 805، روماریو 772، پیلے 767، فیرنس پوسکاس 746، گریڈ مولر 735 اور کرسٹیانو رونالڈو یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔اسپینش لیگ میں بارسلونا نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف میچ کے گیارہویں منٹ میں برتری حاصل کی جب اون گول کی بدولت گول ہوا۔19 ویں منٹ میں سول نے یہ برتری ختم کردی۔پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں بارسلونا کو پنلٹی ملی جس پر لیونل میسی نے گول کردیا۔یہ ان کے کیریئر کا 700واں گول تھا۔وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے ساتویں فٹبالر بن گئے۔ میسی بارسلونا کے لئے بھی 630 گول کرچکے ہیں۔میچ کے 62 ویں منٹ میں سول نے پنلٹی پر دوسرا گول کرکے میچ برابر کردیا۔پوائنٹس ٹیبل پر ریال میڈرڈ پہلے بارسلونا دوسرے اور ایٹلیٹکو میڈرڈ تیسرے نمبر پر ہے

مرے ٹرافی گلاسگو اے ٹی پی چیلنجر ایونٹ منسوخ

اے ٹی پی مرے ٹرافی ٹینس ٹورنامنٹ جو رواں سال گلاسگو میں شیڈول تھا کو 2021ء تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اے ٹی پی چیلنجر ٹورنامنٹ کا تیسرا مرحلہ جس کا اہتمام برطانوی سابق نمبر ون اور اولمپک چیمپین اینڈی مرے کے بھائی جیمی مرے نے کیا تھا، اسکاٹسٹون میں 13 سے 20 ستمبر تک شیڈول تھا۔تاہم ٹینس کے نفاذ معطلی کے نتیجے میں ''مصروف بین الاقوامی ٹورنامنٹ کیلنڈر'' نے اسے منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔مرے نے کہا ہے کہ یہ ایک شرم کی بات ہے لیکن اس پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد میں اس بات پر متفق ہوں کہ یہ کھیل اور کھلاڑی بلکہ سب کیلے بہترین اور زیادہ سمجھدار فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ابھی مرے ٹرافی کے لئے 2021ء کو بہترین سال بنانے کا منتظر ہوں۔

آن لائن سیف اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ سیمینارشروع

پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن اور ساؤتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام دو روزہ آن لائن سیف اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ سیمینار جاری ہے۔ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اور ساؤتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن چیرمیئن میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے بتایاکہ سیمینار میں آٹھ ممالک کے تین سو سے زائد شرکاء حصہ لے رہے ہیں ان ممالک میں پاکستان سمیت نیپال، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکا، بنگلہ دیش، ایران اور بھارت شامل ہیں، یہ سیمینار 5 جولائی تک جاری رہے گا، سیمینار کے شرکاء کو ورلڈ اور ایشیائی کوالیفائڈ لیکچرارز اتھلیٹکس کے حوالے سے لیکچرز دیں گے، اکرم ساہی نے کہا کہ اس سیمینار سے خطے میں اتھلیٹکس کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور دنیا میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث یہ سیمینار آن لائن منعقد کروائے رہے ہیں، اس سے قبل آن لائن دو مردوں اور خواتین کے کوچنگ کورسز اینڈ سیمینار کامیابی کے ساتھ منعقد ہوچکے ہیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے 16 نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو 25 ملین کی گرانٹ ریلیز کر دی

پاکستان سپورٹس بورڈ نے بورڈ کے ساتھ منسلک 16 نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو 25 ملین کی گرانٹ گذشتہ مالی سال کے دوران ریلیز کر دی ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان محمد اعظم ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رقوم فیڈریشنز کو انتظامی امور پر خرچ کرنے کے لئے نہیں دی گئی بلکہ کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچنگ پر خرچ کرنے کے لئے دی گئی ہے۔ 16 سپورٹس فیڈریشنز میں سب سے ذیادہ گرانٹ پاکستان والی بال فیڈریشن کو تین ملین دی گئی ہے۔ اتھلیٹکس فیڈریشن، بلیرڈ اینڈ سنوکر، کبڈی اور رائفل ایسوسی ایشن کو دو، دو ملین کی گرانٹ ملی اور اسی طرح باڈی بلڈنگ، سکواش، ٹینس، ہاکی، جوڈو اور بیڈمنٹن کو ڈیرھ، ڈیرھ ملین جبکہ کراٹے، نیٹ بال، تائیکوانڈو، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ فیڈریشن کو ایک، ایک ملین کی رقوم ریلیز کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے 71 ملین کی خطیر رقم نیپال میں کھیلی گئی 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کے دستہ پر خرچ کی تھی اور ان گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں 111.50 ملین کی بہت بڑی خطیر رقم بطور انعام کیش ایوارڈ پالیسی کے تحت تقیسم کی گئی، تاہم کورونا وبائی مرض کے دوران 5 ملین کی رقم 55 پرانے کھلاڑیوں میں بھی تقیسم کی گئی۔ اعظم ڈار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا اس وقت پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں تک ہی محدود ہیں اور عوام صحت اور معاشی مسائل سے بھی دوچار ہیں اور ان حالات کو مدد نظر رکھتے ہوئے فیڈریشن میں گرانٹ تقسیم کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا یہ فیصلہ قابل تعریف ہے اور ان مشکل حالات میں کھلاڑیوں کو انعامی رقوم بھی تقسیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فیڈریشنز کو گرانٹ اور کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور فیڈریشنز کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مختلف فیڈریشنز کے نمائندوں اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے موجودہ مشکل حالات میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کھلاڑیوں اور فیڈریشنز کے عہدیداروں دل جیت لئے ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -