مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی سکھ یاتریوں کے اہل خانہ سے تعزیت
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے شیخوپورہ حادثے میں مرنے والے سکھ یاتریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مشیر اطلاعات نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر گزشتہ روز پشاور شہر کے محلہ جوگن شاہ میں واقع گوردوارہ کا دورہ کیا اور شیخوپورہ میں ٹرین اورکوسٹر حادثہ میں جاں بحق ہونے والے سکھ یاتریوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجمل وزیر نے اس موقع پر کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے سب کو آزردہ کیا ہے ہم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے۔ اس بدنصیب حادثے میں پشاور کے 20 سکھ یاتریوں کی موت واقع ہوئی،جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ان کی ہر قسم کی مدد کرے گی۔